شری مہنت اندریش اسپتال دہرہ دون کی جانب مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کے تعاون سے عیدگاہ روڈ پر واقع مدنی آئی اسپتال میں ایک مفت طبی کیمپ کا انعقاد کیا گیا، جس کا افتتاح مسلم فنڈ ٹرسٹ دیوبند کے سکریٹری محمد انس صدیقی اور منیجر سہیل صدیقی و ڈاکٹرسلیم الرحمن اور شری گرو رام رائے پبلک اسکول کے پرنسپل وجے گپتا نے مشترکہ طورپر فیتہ کاٹ کر کیا۔اس موقع پر شری مہنت اندریش اسپتال، دہرہ دون کے ڈاکٹروں کی ٹیم میں شامل جنرل فزیشن، دل کے امراض کے ماہر، ناک کان گلے کے ماہر، ماہر امراض جلد، اطفال کے ماہر اور آرتھوپیڈک ماہر ڈاکٹروں نے کیمپ میں آئے 251 مریضوں کی جانچ کرکے انہیں ادویات تجویز کی اس دوران تمام مریضوں کی شوگر، بی پی کی جانچ کے ساتھ ای سی جی بھی مفت کی گئی، ساتھ ہی تمام مریضوں کو مفت ادویات دی گئی او ر ڈاکٹروںنے صحت مند زندگی کے لئے مشورے دیئے۔
اس موقع پر مسلم فنڈ دیوبند کے منیجر سہیل صدیقی نے کہا کہ ادارہ اس طرح کے کیمپوں میں ہمیشہ تعاون کرتا ہے اور مسلم فنڈ دیوبند و مدنی آئی ہسپتال دیوبند کی جانب سے بھی وقتاً فوقتاً غریب ضروتمندوں لوگوں کے لئے ایسے کیمپوں کا انعقاد کیاجاتاہے،جس سے غریب ضرورت مند مریضوں کو فائدہ ہوتا ہے۔ انہوں نے تمام لوگوں سے اپیل کی کہ وہ ایسے کیمپوں سے استفادہ کریں۔ سیکرٹری محمد انس صدیقی نے کہا کہ غریب و نادار مریضوں کے علاج میں مدد کرنا نیکی کا کام ہے، ہم سب کو اس طرح کے کارِ خیر میںبڑھ چڑھ کر حصہ لینا چاہئے۔آخر میں کیمپ کنوینر اور شری گرو رام رائے پبلک اسکول دیوبند کے پرنسپل وجے گپتا نے سبھی کا شکریہ ادا کیا۔ اس دوران مسلم فنڈ برانچ ناگل کے منیجر ساجد حسن، مہنت اندریش اسپتال کے رابطہ عامہ کے افسر صہیب خان، سماجی کارکن نجم عثمانی، ڈاکٹر ایاز صدیقی، اسرار فاروقی، ڈاکٹر شہزاد صدیقی، عدیل صدیقی، فیضی صدیقی، طارق عثمانی اور ڈاکٹر جاوید علی وغیرہ موجود رہے۔
0 Comments