Latest News

مختار انصاری کو ساڑھے پانچ برس کی قید، مہاویر پرساد رونگٹا کو بم سے اڑانے کی دھمکی معاملے میں عدالت کا فیصلہ۔

لکھنو: ایم پی-ایم ایل اے خصوصی عدالت کے جج اجول اپادھیائے نے جمعہ کو مختار انصاری کو کوئلہ تاجر نند کشور رونگٹا کے اغوا اور قتل کے بعد ان کے بھائی مہاویر پرساد رونگٹا کو بم سے اڑانے کی دھمکی دینے کے معاملے میں قصوروار ٹھہرایا۔ ساڑھے پانچ برس کی سزا کے ساتھ مختار انصاری پر 10 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ سابق ایم ایل اے مختار انصاری اس وقت باندہ جیل میں بند ہیں۔ اس کیس میں گزشتہ تاریخ کو دلائل مکمل ہونے کے بعد عدالت نے 15 دسمبر تک فیصلہ محفوظ کر لیا تھا۔ قابل ذکر ہے کہ بھیلوپور تھانہ علاقہ کے رویندرپوری کالونی کے رہائشی کوئلہ تاجر نند کشور رونگٹا کو 22 جنوری 1997 کو اغوا کیا گیا تھا۔ پولیس اغوا کے اس کیس کی تفتیش کر رہی تھی۔ دریں اثنا 5 نومبر 1997 کو نند کشور رونگٹا کے بھائی مہاویر پرساد رونگٹا کو فون پر دھمکی دی گئی کہ وہ اغوا کیس میں پولیس یا سی بی آئی کی نمائندگی نہ کریں، ورنہ انہیں بم سے اڑا دیا جائے گا۔ یکم دسمبر 1997 کو مہاویر پرساد کی شکایت پر مختار انصاری کے خلاف بھیلوپور تھانے میں قتل کی دھمکی کا معاملہ درج کیا گیا تھا۔ تحقیقات کے بعد پولیس نے مختار کے خلاف دھمکی کے معاملے میں چارج شیٹ داخل کر دی۔ سماعت کے دوران استغاثہ کی جانب سے مہاویر پرساد سمیت چھ گواہوں کے بیانات قلمبند کیے گئے تھے۔ نند کشور رونگٹا کے اغوا کے معاملے میں سی بی آئی کی خصوصی عدالت نے 27 جون 2000 کو اپنا فیصلہ سناتے ہوئے مافیا مختار انصاری سمیت چھ ملزمان کو بری کر دیا تھا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر