نئی دہلی: سونیا گاندھی رام مندر کے پران پرتیستھا پروگرام میں حصہ لے سکتی ہیں۔ پارٹی ذرائع کے حوالے سے خبر آرہی ہے کہ وہ ۲۲جنوری کو ایودھیا میں ہونے والے پران پرتیشتھا پروگرام میں حصہ لینے والی ہیں۔ پروگرام میں شرکت کے لیے کانگریس صدر ملکارجن کھرگے سمیت کئی کانگریس لیڈروں کو دعوت نامے بھیجے گئے ہیں۔ تاہم ابھی تک سرکاری طور پر اس بات کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے کہ رام مندر میں منعقد ہونے والے پروگرام میں کانگریس کے کون کون سے رہنما شرکت کریں گے۔ امکان ہے کہ آئندہ لوک سبھا انتخابات کے پیش نظر کانگریس نے ایسا فیصلہ کیا ہے۔ جے رام رمیش نے بتایا کہ مناسب وقت پر فیصلہ لیا جائے گا اور آپ سب کو مطلع کیا جائے گا۔ قبل ازیں جمعرات کو کانگریس نے اس بارے میں اپنا موقف واضح نہیں کیا تھا کہ آیا 22 جنوری کو ایودھیا میں رام مندر کے تقدس کی تقریب میں پارٹی کے اعلیٰ رہنما شرکت کریں گے یا نہیں۔ تاہم پارٹی نے کہا کہ وہ اس دعوت کے لیے شکر گزار ہے۔کانگریس صدر ملکارجن کھرگے، پارٹی کی سابق سربراہ سونیا گاندھی اور لوک سبھا میں پارٹی لیڈر ادھیر رنجن چودھری کو 22 جنوری کو اتر پردیش کے ایودھیا میں رام مندر کے تقدس کی تقریب میں مدعو کیا گیا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ شری رام جنم بھومی تیرتھ کھیتر ٹرسٹ نے انہیں ایک دعوت نامہ بھیجا ہے۔ کانگریس کے جنرل سکریٹری کے سی وینوگوپال سے پریس کانفرنس میں پوچھا گیا کہ کیا پارٹی لیڈر اس تقریب میں شرکت کریں گے، جس پر انہوں نے کہا کہ آپ کو پارٹی کا موقف معلوم ہوگا۔ آپ کو شرکت کے بارے میں 22 جنوری کو پتہ چل جائے گا۔رام مندر میں تقدیس کے پروگرام میں شرکت پر کئی اپوزیشن لیڈروں نے اپنا موقف واضح کر دیا ہے۔ بائیں بازو کے بیشتر لیڈروں نے 22 جنوری کو ہونے والے پروگرام میں شرکت سے انکار کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی کانگریس کے بیشتر لیڈروں نے پروگرام میں شرکت کے حوالے سے کوئی سرکاری بیان نہیں دیا ہے۔
0 Comments