Latest News

آج ایم پی کے وزیراعلیٰ کی تقریب حلف برداری، مودی، شاہ، یوگی، دھامی، سرما، پٹیل اور شندے کی شرکت، چپے چپے پر پولس تعینات۔

 بھوپال: مدھیہ پردیش میں نو منتخب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر موہن یادو بدھ کو دوپہر ۱۲بجے بھوپال کے موتی لال نہرو اسٹیڈیم میں منعقد ایک شاندار تقریب میں عہدے اور رازداری کا حلف لیں گے۔ تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، پارٹی کے قومی صدر جے پی نڈا، بی جے پی زیر اقتداروالی کئی ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ اور پارٹی کے سینئر لیڈران شرکت کریں گے۔ نامزد وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو نے خود میڈیا کے ساتھ یہ معلومات شیئر کی ہیں۔ انہوں نے کہا ہے کہ حلف برداری ۱۳دسمبر کو ہوگی۔ڈاکٹر موہن یادو کی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے بھوپال پہنچنے والے وزیر اعظم مودی کا پروگرام منگل کو جاری کر دیا گیا ہے۔ وزیر اعظم بدھ کی صبح ۱۱بجے بھوپال پہنچیں گے۔ یہاں کے ہوائی اڈے پر نومنتخب وزیر اعلیٰ ڈاکٹر یادو ان کا استقبال کریں گے۔ اس کے بعد وہ سیدھے موتی لال نہرو اسٹیڈیم پہنچیں گے، جہاں حلف برداری کی تقریب ہوگی۔ ڈاکٹر موہن یادو کے ساتھ راجندر شکل اور جگدیش دیوڑا نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے کا حلف لیں گے۔ پروگرام کے سلسلے میں بھوپال کے چپے چپے پر پولیس فورس تعینات کر دی گئی ہے۔ امکان ہے کہ نئے چیف منسٹر کے ساتھ کچھ ایم ایل اے بھی وزیر کے طور پر حلف لے سکتے ہیں۔وزیر اعظم مودی کے علاوہ ڈاکٹر موہن یادو کی حلف برداری کی تقریب میں بی جے پی کی حکمرانی والی ریاست اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ، اتراکھنڈ کے وزیر اعلیٰ پشکر سنگھ دھامی، گجرات کے وزیر اعلیٰ بھوپیندر پٹیل، آسام کے وزیر اعلیٰ ہیمنت وسوا سرما، مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شنڈے شرکت کریں گے۔ اس کے علاوہ دیگر ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ میں مانک ساہا، این بیرن سنگھ، پیما کھانڈو بھی شامل ہو سکتے ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر