جے پور: راجستھان کے نئے وزیر اعلیٰ بھجن لال شرما ہوں گے۔ ریاستی بی جے پی ہیڈکوارٹر میں بی جے پی قانون ساز پارٹی کی میٹنگ کے بعد نئے وزیر اعلی کے نام کا اعلان کیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی راجستھان کے اگلے وزیر اعلیٰ کو لے کر جاری تمام قیاس آرائیاں بھی ختم ہو گئی۔ قابل ذکر ہے کہ لال بھجن شرما پہلی مرتبہ رکن اسمبلی کے طور پر منتخب ہوئے ہیں۔ ریاست میں دو نائب وزیر اعلیٰ بھی ہوں گے۔ دیا کماری اور پریم چند بیروا کو راجستھان حکومت میں نائب وزیراعلیٰ بنایا گیا ہے۔ اس کے علاوہ اجمیر شمالی کے ایم ایل اے واسودیو دیونانی کو راجستھان اسمبلی کا اسپیکر بنایا گیا ہے۔ وہ 2003 سے لگاتار پانچویں بار ایم ایل اے بنے ہیں۔ دیا کماری جے پور کے شاہی خاندان کی رکن ہیں۔ اس کے علاوہ راجستھان اسمبلی انتخابات 2023 میں سب سے زیادہ ووٹوں سے جیتنے کا ریکارڈ بھی دیا کماری کے نام ہے۔ دیا کماری کانگریس کے سیتارام اگروال کو ریکارڈ 71,368 ووٹوں سے شکست دے کر اسمبلی میں پہنچی ہیں۔ اس سے پہلے دیا کماری راجسمند سے ایم پی تھیں، انہوں نے دوسری بار اسمبلی الیکشن لڑا تھا۔ واضح رہے کہ دیا کماری نے 2013 میں اپنی سیاسی اننگز کا آغاز کیا۔ اس دوران بی جے پی نے انہیں سوائی مادھوپور سے ٹکٹ دیا۔ دیا کماری پہلی بار الیکشن جیت کر اسمبلی پہنچی تھیں۔ اس کے بعد سال 2019 میں بی جے پی نے ان پر بڑا داؤ کھیلا اور انہیں لوک سبھا انتخابات میں راجسمند لوک سبھا سیٹ سے میدان میں اتارا۔ جہاں سے انہوں نے جیت کر راجستھان سے متعلق اہم مسائل کو پارلیمنٹ میں نمایاں کیا۔ اس کے علاوہ وہ مرکزی حکومت کے وزراء سے ریاست کے مختلف مسائل سے متعلق مطالبات بھی اٹھاتی رہیں۔ پریم چند بیروا جے پور سے ملحقہ اسمبلی سیٹ ڈوڈو سے بی جے پی کے ایم ایل اے ہیں۔ انہوں نے اسمبلی انتخابات میں کانگریس کے مضبوط لیڈر بابولال ناگر کو شکست دی تھی۔ غور طلب ہو کہ بیروا نے بابولال ناگر کو 35 ہزار سے زیادہ ووٹوں کے فرق سے شکست دی تھی۔ پریم چند بیروا نے اس سے قبل 2014 میں بھی اسمبلی الیکشن جیتا تھا۔پریم چند بیروا کو راجستھان کا دوسرا نائب وزیر اعلیٰ قرار دے کر، بی جے پی نے سوشل انجینئرنگ کی ایک مثال قائم کی ہے۔ بیروا راجستھان کے ساتھ ساتھ مدھیہ پردیش اور دہلی میں رہنے والی ایک پسماندہ طبقے سے آتے ہیں۔ بی جے پی نے لوک سبھا انتخابات سے قبل اس طرح کے فیصلے سے سایسی گلیارے میں نئی روح پھینک دی ہے۔واسودیو دیونانی بی جے پی کے سینئر لیڈر اور ایم ایل اے ہیں، دیونانی نے اجمیر شمالی اسمبلی سیٹ سے مسلسل پانچویں بار اسمبلی الیکشن جیتا ہے۔ دیونانی گزشتہ بیس سالوں سے اس سیٹ پر قابض ہیں۔ اجمیر شہر راشٹریہ سویم سیوک سنگھ کا گڑھ رہا ہے، اجمیر شمالی کے ایم ایل اے واسودیو دیونانی آر ایس ایس کے پسندیدہ ہیں۔ مانا جاتا ہے کہ دیونانی کا ٹکٹ بی جے پی کے دفتر سے نہیں بلکہ ناگپور میں سنگھ ہیڈکوارٹر سے آیا ہے۔ غور طلب ہو کہ دیونانی اس علاقے میں مسلسل 20 سال سے ایم ایل اے ہیں۔غور طلب ہو کہ راجستھان اسمبلی انتخابات میں بی جے پی کو اکثریت ملنے کے بعد سے نئے وزیر اعلیٰ کو لے کر پچھلے 9 دنوں سے قیاس لگایا جا رہا تھا۔ نئے وزیر اعلیٰ کو لے کر راجستھان کے کئی سینئر لیڈروں کے نام شروع سے ہی زیر بحث تھے۔دہلی میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت کی سطح پر کئی دور کی میٹنگ کے بعد منگل کی شام چار بجے راجستھان بی جے پی ہیڈکوارٹر میں مقننہ پارٹی کی میٹنگ ہوئی جس میں بھجن لال شرما کا نام تجویز کیا گیا اور ان کے نام کو تمام اراکین اسمبلی نے بھی پاس کر دیا۔
0 Comments