علی گڑھ: (ایجنسی ) رام مندر کی تعمیر اور اور اس کے افتتاح کی تیاریوں کے دوران شرپسندوں کی طرف سے ماحول کو بگاڑنے کی کوشش بھی ہورہی ہے اترپردیش کے فرقہ وارانہ اعتبار سے حساس ترین شہر علی گڑھ میں ایک مسجد کی دیوار توڑ دی گئی جس پر مذہبی نعرے لکھے گئے ہیں۔ یہ واقعہ کیمرے میں قید ہوگیا اور سوشل میڈیا پر وائرل ہوگیا۔
خبر رساں ایجنسی آئی اے این ایس کے مطابق یہ واقعہ علی گڑھ کے دہلی گیٹ چوراہے پر پیش آیا جہاں سنیچر کو ایک مسجد کی دیواروں پر مذہبی نعرے لکھے گئے تھے۔ اس کے بعد، سماج وادی پارٹی (ایس پی) کے ایک وفد نے پولیس سپرنٹنڈنٹ (سٹی) مریگانک شیکھر پاٹھک سے ملاقات کی اور اس معاملے کے بارے میں ایک رسمی شکایت پیش کی، اور فرقہ وارانہ امن کو خراب کرنے کے ذمہ دار شرپسندوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے پر زور دیا۔
آئی اے این ایس کے مطابق سماج وادی پارٹی کے لیڈر منوج یادو، جو وفد کا حصہ تھے، نے الزام لگایا کہ کچھ سماج دشمن عناصر نے اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث ہو کر شہر کا ماحول خراب کرنے کی کوشش کی ہے۔ انہوں نے انتباہ کیاکہ اگر شرپسندوں کے خلاف فوری کارروائی نہ کی گئی تو وہ احتجاج کریں گے۔
پاٹھک نے کہا کہ پولیس فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچی اور باضابطہ رپورٹ درج کر لی گئی ہے۔ ویڈیو فوٹیج سے ملوث افراد کی شناخت کی گئی ہے۔عہدیدار نے یقین دلایا کہ ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی جائے گی۔
0 Comments