غزہ ۔۵؍ دسمبر: غزہ پر جارحیت ۶۲ دن میں داخل ہوگئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق صیہونی فوج کی کم سے کم تیس فوجی گاڑیوں نے شہر طولکرم پر حملہ کرکے شہر کو اپنے محاصرے میں لے لیا اور اس بعد نورشمس پناہ گزیں کیمپ کا بھی محاصرہ کر لیا۔اسی درمیان نورشمس کیمپ کے اطراف میں غاصب صیہونی فوج اور استقامتی مجاہدین کے درمیان جھڑپ بھی ہوئی ۔غاصب صیہونی حکومت کی فوج نے طولکرکم شہر میں لوگوں کی آمد و رفت پر پابندی لگا دی ہے اور صیہونی فوجی ایمبولینسوں کو بھی شہر میں داخل نہیں ہونےدی۔صیہونی فوجیوں نے نور شمس کیمپ پر حملے کے دوران پانچ فلسطینیوں کو گرفتار کیا ہے۔ادھر نور شمس کیمپ کے اطراف میں کئی بم دھماکوں کی آوازیں بھی سنائی دی ہیں اور استقامتی مجاہدین نے غاصب فوجیوں کی گاڑیوں کو دھماکہ خیز مواد کا نشانہ بنایا ہے۔یہ جھڑپیں اس وقت ہوئی ہیں جب مزاحمت بیت حنون، بیت لاہیہ اور جبالیہ کے علاقوں میں گھسنے والی اسرائیلی افواج کو نشانہ بنا رہی تھی۔دریں اثناء ۶۲ ویں روز بھی غزہ کے شہریوں پر اسرائیل کا وحشیانہ حملہ اور قتل عام جاری رہا، فلسطینی وزارت صحت اشرف قدرہ کے مطابق گزشتہ ۲۴ گھنٹوں میں غزہ کے اسپتالوں میں ۳۵۰شہید اور ۹۰۰ زخمی لائے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ جنگ کے آغاز سے اب تک شہداء کی تعداد ۱۷ہزار ۱۷۷ وہیں زخمیوں کی تعداد ۴۶ ہزار سے تجاوز کرگئی ہے۔ادھر اسرائیلی میڈیا نے بے گھر ہونے والے شہریوں کی تصاویر شائع کی ہیں جنہیں شمالی غزہ کے شیلٹر اسکولوں سے لے جایا گیا ۔ ان کے ساتھ بدسلوکی اور ان کے کپڑے اتارنے کے بعد انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔ایک اسرائیلی چینل کی طرف سے ٹیلی گرام پر شائع ہونے والی تصویر میں دکھایا گیا ہے کہ قابض فوج عام شہریوں کو دنیا کے سامنے زندہ قتل عام کا مظاہرہ کرنے اور انہیں پھانسی دینے کے لیے خالی جگہ پر لے گئی ہے۔ دوسری جانب اسرائیل نے پہلی بار خان یونس شہر کے اندر آپریشن شروع کردیا ہے جس کی تصدیق اسرائیلی فوج کی جانب سے کی گئی ہے۔اسرائیلی فوج کا کہنا ہےکہ فوجی اہلکار خان یونس شہر کے سینٹر میں پہنچ چکے ہیں جہاں اہلکاروں نے شہر کے دل میں ٹارگٹڈ چھاپے مارے ہیں، جن علاقوں میں چھاپے مارے گئے یہ حماس ملٹری اور اس کے انتظامی علاقے سمجھے جاتے ہیں۔اسرائیلی فوج کے مطابق سکیورٹی اہلکاروں نے علاقے میں دہشتگردی کا انفرا اسٹرکچر تباہ کرکے ہتھیاروں کا بھی پتا لگایا ہے۔ادھر حماس کی عسکری ونگ القسام بریگیڈز نے اعلان کیا کہ انہوں نے میں غزہ کی پٹی کے جنوب میں خان یونس میں قابض افواج کے لیے گھات لگایا جس میں پھنس کر کئی اسرائیلی فوجی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔ وہیں اسرائیلی فوج نے ایک افسر اور ایک سپاہی کی ہلاکت کا اعتراف بھی کیا۔ادھر سرایا القدس، شہید عمر قاسم فورس، شہید ابو علی موسی بریگیڈ نے بھی اسرائیلی فوج پر جانی حملوں اور اسرائیلی شہروں پر میزائل سے بمباری کی اطلاع دی ہے۔ جس میں کئی یہودی ہلاک اور ان کی فوجی گاڑیاں تباہ ہوئی ہیں۔ شہاب نیوز ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق حماس نے غزہ شہر کے جنوبی محور میں دشمن کے کمانڈ رومز کو۱۱۴ملی میٹر مختصر فاصلے تک مار کرنے والے رجیم میزائل سے نشانہ بنایا۔خان یونس شہر کے شمال محور میں ایک صہیونی مراکاوہ ٹینک کو گوریلا ایکشن ڈیوائس سے نشانہ بنایاوہیں خان یونس شہر کے شمال محور میں گھسنے والی دشمن افواج کے ارتکاز کو تباہ کر دیا۔۶ صہیونی فوجیوں کی فورس کے ساتھ تصادم ہوا ، جس میں وہ ہلاک اور زخمی ہوگئے، اور خان یونس شہر کے مشرق میں محور میں موجود ایک ڈرون کو اپنے قبضے میں لے لیا۔خان یونس شہر کے شمالی اور مشرقی محوروں میں گھسنے والی دشمن کی افواج پر دوبارہ حملہ کیا اور انہیں ہلاک کردیا ، خان یونس شہر کے شمال مشرق میں قسام اسناپئر نے دو صیہونی فوجیوں کو نشانہ بنانے میں کامیاب ہو گئے۔خان یونس شہر کے مشرقی محور میں دو صہیونی ٹینکوں کو الیاسین میزائلوں سے نشانہ بنایاگیا، مجاہدین نے ۱۵فوجیوں پر مشتمل صیہونی فورس کو اینٹی پرسنل بموں سے نشانہ بنایاجس میں کئی ہلاک اور زخمی ہوگئے۔خان یونس شہر کے مشرقی محور میں ایک فوجی بلڈوزر کو نشانہ بنایا، خان یونس شہر کے مشرقی محور میں صہیونی مرکاوا ٹینک پر الیاسین میزائل سے حملہ کرکے تباہ کردیا، خان یونس شہر کے مشرق میں محور میں ایک فوجی کھدائی کرنے والی ٹیم کو نشانہ بنایا، خان یونس شہر کے مشرقی محور میں صہیونی مرکاوا ٹینک کومیزائل سے نشانہ بناکر تباہ کردیا۔شہاب نیوز کی رپورٹ کے مطابق حماس نے جمعرات کی شام اعلان کیا کہ اس نے گزشتہ ۷۲گھنٹوں کے دوران صرف غزہ شہر میں داخل ہونے والے علاقوں میں ۷۹ فوجی گاڑیوں کو مکمل یا جزوی طور پر تباہ کرنے میں کامیاب ہوگئے،جس میں سوار فوجی ہلاک وزخمی ہوئے۔
0 Comments