Latest News

چھ ماہ میں پی ایم مودی اور عرب امارات کے صدر النیہان کے مابین چوتھی بارملاقات، ہندوستان اور یو اے ای کے درمیان چار معاہدوں پر دستخط کئے گئے۔

نئی دہلی : ہندوستانی وزیر اعظم اور یو اے ای صدر کے درمیان گزشتہ سات ماہ سے بھی کم وقت میں چوتھی بار ملاقات ہوئی۔ دسویں وائبرینٹ گجرات گلوبل سمٹ میں مہمانِ خصوصی کے طور پر شریک محمد بن زاید آل نہیان کاپی ایم مودی نے استقبال کیا اور پھر دونوں لیڈران نے روڈ شو میں شرکت بھی کی۔ ہندوستان اور یو اے ای کے درمیان چار معاہدوں پر ہوئے دستخط سے متعلق جانکاری وزارت خارجہ کے ترجمان رندیپ جیسوال نے دی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وسیع اسٹریٹجک شراکت داری کو فروغ دیتے ہوئے پی ایم مودی نے گاندھی نگر میں یو اے ای کے صدر اور ابوظبی کے حاکم عزت مآب محمد بن زاید آل نہیان کے ساتھ گرمجوشی سے تبادلہ خیال کیا۔ 7 ماہ سے بھی کم وقت میں چوتھی ملاقات کے دوران دونوں لیڈران نے تیزی سے بدل رہی ہندوستان-یو اے ای شراکت داری کی تعریف کی اور مشترکہ و خوشحال مستقبل کے لیے اپنے عزائم کو دہرایا۔
رندیپ جیسوال نے اس تعلق سے ایک پوسٹ کیا ہے جس میں ہندوستان-یو اے ای کے درمیان ہوئے معاہدوں سے متعلق جانکاری دیتے ہوئے بتایا کہ دونوں ممالک کے درمیان قابل تجدید توانائی شعبہ، اختراعی صحت دیکھ بھال پروجیکٹس، فوڈ پارک ڈیولپمنٹ میں سرمایہ کاری سے متعلق معاہدہ طے پایا ہے۔ ساتھ ہی ایک معاہدہ گجرات حکومت و دبئی واقع کثیر ملکی لاجسٹکس کمپنی ڈی پی ورلڈ کے درمیان ہوا ہے۔
وہیں، وزیر اعظم مودی نے ان تمام ممالک کا شکریہ ادا کیا ہے جو وائبرنٹ گجرات گلوبل سمٹ میں حصہ لینے آئے ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ ہم نے ایک ہدف مقرر کیا ہے کہ جب تک ہندوستان اپنی آزادی کے 100 سال کا جشن منائے گا تب تک وہ ترقی پذیر ملک نہیں بلکہ ترقی یافتہ ملک ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج یہ 25 سال کا دور ہندوستان کا لافانی دور ہے۔ یہ نئے خوابوں، نئی قراردادوں اور روزانہ نئی کامیابیوں کا وقت ہے۔اس امرت کال میں یہ پہلا وائبرنٹ گجرات سمٹ ہے۔ اس لیے اس کی اہمیت مزید بڑھ گئی ہے۔ اس چوٹی کانفرنس میں آنے والے 100 سے زیادہ ممالک کے نمائندے ہندوستان کی ترقی کے سفر کے اہم اتحادی ہیں۔ میں آپ سب کو خوش آمدید کہتا ہوں۔ پی ایم مودی نے کہا کہ کچھ عرصہ پہلے ہندوستان دنیا کی پانچویں بڑی معیشت تھی لیکن آنے والے دنوں میں ہندوستان دنیا کی تیسری سب سے بڑی معیشت بن جائے گا۔ اور یہ مودی کی ضمانت ہے۔ پی ایم مودی نے مزید کہا کہ دوستو، اس تقریب میں متحدہ عرب امارات کے صدر بن زید کا شرکت کرنا ہمارے لیے بہت خوشی کی بات ہے۔ وائبرنٹ گجرات کے اس سربراہی اجلاس میں بطور مہمان خصوصی ان کی یہاں موجودگی ہندوستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان بڑھتے ہوئے خوشگوار تعلقات کی علامت ہے۔ ہندوستان میں ان کا اعتماد اور ان کی حمایت بہت گرمجوشی سے بھرا ہے۔ وائبرنٹ سمٹ اب ایک عالمی پلیٹ فارم بن چکا ہے۔ اس سربراہی اجلاس میں بھی ہندوستان اور متحدہ عرب امارات نے فوڈ پارک اور قابل تجدید وسائل کے لیے کئی معاہدوں پر دستخط کیے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ ہندوستان کے لئے فخر کی بات ہے کہ افریقی یونین کو ہماری جی-20 صدارت میں مستقل رکنیت ملی ہے۔ صدر یو سی کے اس دورے سے ہندوستان اور افریقہ کے درمیان قربت میں مزید اضافہ ہوا ہے۔ چیک ریپبلک طویل عرصے سے وائبرنٹ سمٹ سے وابستہ ہے۔ آٹوموبائل، مینوفیکچرنگ سیکٹر اور دیگر شعبوں میں ہندوستان اور چیک کے درمیان تعاون مسلسل بڑھ رہا ہے۔ آپ کے دورے سے دونوں ممالک کے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر