معروف دینی درسگاہ دارالعلوم وقف دیوبند میں حسب روایت سالانہ جلسہ انعامیہ کاانعقاد کیا گیا، جس کی صدارت مہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے کی۔ انہوں نے طلبہ کو خطاب کرتے ہوئے کہاکہ موجودہ دور فکری تصادم کا دور ہے، جس کے نتیجے میں آج انسانی افکار و نظریات پر حملے ہورہے ہیں، لیکن ہر دور میں چیلنجز کے دفاع کے لئے اللہ تعالیٰ افراد تیار فرماتے ہیں۔ موجودہ دور کے تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے اللہ تعالیٰ نے آپ کو منتخب فرمایا ہے۔ آپ ملت کا قابل افتخار سرمایہ ہیں۔ آج ہر چہار سو اسلام مخالف مہم چھڑی ہوئی ہے، ہر چہار سو سے اسلام مخالف فکر حملہ آور ہے۔ آپ کی پاکیزہ تہذیب و ثقافت کو مسخ کرنے کی بھرپور کوششیں ہیں۔ ان سب احوال میں آپ کو اسلام کی پاکیزہ روایات کی بقائکے لئے آگے آنا ہوگا۔ اسلام کی صحیح تعلیمات کو پوری دنیا کے سامنے پیش کرنا ہوگا۔
مولانا سفیان قاسمی نے مزید نے کہا کہ جس وقت ملک پر سامراجی حکومت قابض ہوئی اس وقت اس ملک میں اسلامی اقدار و روایات کے تحفظ کے لئے مضبوط لائحہ عمل کی تیاری سب سے بڑا کاز تھا۔ چنانچہ بانی دارالعلوم حضرت نانوتویؒ نے ایسے افراد کی تیاری کو مقدم کیا جو مکمل اسلامی تہذیب و ثقافت کے علمبردار ہوں، جو اسلامی علوم کی روشنی میں اپنے اسلام کی بقاءو تحفظ کا فریضہ انجام دیں۔چنانچہ اسی کے پیش نظر دارالعلوم دیوبند کی بنیاد رکھی گئی جس کی ڈیڑھ سو سالہ حسین تاریخ آپ کے سامنے ہے، جس نے ہر فن اور ہر میدان کے لئے رجال کار تیار کئے۔انہوںنے کہاکہ آپ ان اکابر دیوبند کے جانشین ہیں۔آج جب کہ عالمی و ملکی میڈیا کے ذریعہ نت نئے مذہبی قضیے چھیڑ کر اسلام کو دقیانوس اور رجعت پسند ثابت کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، ایسے میں آپ کی ذمہ داری مزید بڑھ جاتی ہے۔
اس دوران انہوں نے سالانہ کارکردگی پر مشتمل تفصیلی رپورٹ پیش کی،جس میں انہوں نے سالانہ تعلیمی ترقیات اور انضباط کے لئے کی گئی ناگزیر کارکردگیوں کا ذکر کرتے ہوئے نئے تعلیمی سال سے آن لائن تقسیم داخلہ فارم کے نظام االعمل کے اجرائکابھی اعلان کیا اور ساتھ ہی ادارہ کے معاونین ومخلصین کا ان کے گراں قدر تعاون پر شکریہ بھی ادا کیا۔ اس موقع پر تمام طلبہ کو انعامات تقسیم کئے گئے جبکہ تمام درجات میں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبہ کو خصوصی، امتیازی ونقد انعامات سے نوازاگیا، ساتھ ایک نشست میں مکمل قرآن کریم سنانے والے پانچ طلبہ کو بھی خصوصی انعامات دئیے گئے۔اجلاس کا آغاز مولانا قاری محمد واصف کی تلاوت سے ہوا، جبکہ نظامت کے فرائض مولانا مفتی محمد احسان قاسمی نے انجام دئیے۔اس موقع پر اساتذئہ دارالعلوم وقف دیوبند بطور خاص موجود رہے۔
0 Comments