Latest News

غزہ میں غذائی قلت، فاقہ کشی پر مجبور مائیں بچوں کو دودھ پلانے قابل بھی نہ رہیں، بھوک سے جانور بھی نڈھال، غزہ پر اسرائیل کے وحشیانہ حملے جاری، مزید ۱۲۰ سے زائد فلسطینی شہید۔

غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کے باعث پیدا ہونے والی غذائی قلت نے شیر خوار بچوں کی زندگی بھی مشکل بنادی جہاں فاقہ کشی پر مجبور مائیں بچوں کو دودھ پلانے قابل بھی نہ رہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق بین الاقوامی این جی او ایکشن ایڈ فلسطین کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ اسرائیل کے غزہ میں وحشیانہ حملوں اور پابندیوں سے پیدا ہونے والی غذائی قلت سنگین صورتحال اختیار کرچکی ہے جس وجہ سے فاقہ کشی پر مجبور خواتین اپنے شیر خوار بچوں کو دودھ پلانے کے قابل بھی نہیں رہی ہیں۔

بیان میں مزید کہا گیا ہےکہ ہمارے پاس غزہ اور وہاں کے لوگوں کی انتہائی خطرناک صورتحال بیان کرنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں، وہاں موجود تمام آبادی اس وقت بھوک کا شکار ہے جب کہ حاملہ خواتین اور بچوں کو دودھ پلانے والی مائیں اور ان کے شیر خوار بچے شدید غذائی قلت کا شکار ہوچکے ہیں، وہاں سے ملنے والی داستانیں انتہائی دردناک ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیل نے جنگ میں گھرے غزہ میں انسانی امداد کو مکمل طور پر بند کررکھا ہے جس سے ملبے کا ڈھیر بنے علاقے میں مسلسل مسائل بڑھ رہے ہیں۔

اس حوالے سے اقوام متحدہ کے امدادی ادارے کے سربراہ کا کہنا تھا کہ غزہ میں امداد کی کمی اور اس کی سپلائی کی کئی وجوہات ہیں جن میں مسلسل اسرائیلی بمباری سب سے بڑی وجہ ہے، امدادی قافلوں پر بھی حملے کیے جارہے ہیں، فلسطینی سرزمین پر داخلے کے لیے امدادی ٹرکوں کو پہلے انسپیکشن کی ایک طویل لائن سے گزرنا پڑتا ہے، اسرائیلی فوج کی جانب سے ریجیکٹڈ مصنوعات کی فہرستیں بڑھتی جارہی ہیں۔
دوسری جانب امریکا سے تعلق رکھنے والے انسانی حقوق کے گروپ کا کہنا ہےکہ اسرائیلی فلسطینیوں کو مٹانے کے لیے فاقہ کشی کو بطور ہتھیار استعمال کررہا ہے۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق غزہ کے پناہ گزینوں کے کیمپ رفح میں قائم ایک نجی چڑیا گھر میں فلسطینیوں نے رہائش اختیار کی ہوئی ہے جب کہ چڑیا گھر میں موجود جانور بھی اسرائیلی مظالم کا شکار ہیں۔
مختلف ممالک کی نیوز ایجنسیوں کی جانب سے بھوک سے بدحال چڑیا گھر کے جانوروں کی تصاویر جاری کی گئی ہیں، ان تصاویر میں غزہ کے شہریوں کو بھوک سے نڈھال جانوروں کی دیکھ بھال کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

اُدھر، غزہ کے رہائشی علاقوں میں اسرائیلی فوج کی بمباری کا سلسلہ جاری ہے، گزشتہ 24 گھنٹوں میں مزید 120 سے زائد فلسطینی شہید ہوگئے، اسرائیلی فوج کی کارروائی میں ایک اسرائیلی یرغمالی مارا گیا۔ غزہ میں 7 اکتوبر سے اب تک اسرائیلی حملوں میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 22 ہزار 637 سے تجاوز کر چکی ہے جبکہ 57 ہزار 296 سے زائد افراد زخمی ہوچکے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے مطابق شہدا میں 9 ہزار 100 سے زائد بچے اور 6 ہزار 500 سے زائد خواتین شامل ہیں جبکہ زخمیوں میں 8 ہزار 663 بچے اور 6 ہزار 327 خواتین بھی شامل ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر