Latest News

جمعیت علماء ہند کے زیر اہتمام میوات فساد اور بلڈوزر متاثرین کے لیے ۷۰ مکانات کی تعمیر جاری، فیر وز پور جھرکا میں غیر مسلم دھرم پال کے مکان کی بنیاد رکھی، مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ جمعیت بلا تفریق انسانیت کی خدمت کرتی ہے۔

نئی دہلی: جمعیت علماء ہند کے اعلیٰ سطحی وفد نے آج میوات کا دورہ کیا اور جمعیت کے زیر اہتمام فیروز پور جھرکا میں زیر تعمیر مدنی نگر کالونی کا جائزہ لیا. 
اس موقع پر جمعیت علماء ہند کے جنرل سکریٹری مولانا حکیم الدین قاسمی نے پرانی عید گاہ فیروز پور جھرکا کے پاس مبین بھائی کے نئے مکان کی بنیاد رکھی جو جمعیت تعمیر کررہی ہے۔
ساتھ ہی غیر مسلم دھرم پال کے مکان کی بھی بنیاد رکھی گئی۔ اس موقع پر دھرم پال نے جمعیت علماء ہند کا شکریہ ادا کیا۔
مولانا حکیم الدین قاسمی نے اپنے بیان میں کہا کہ جمعیت علماء ہند بلا تفریق انسانیت کی خدمت انجام دیتی ہے. میوات فساد کے بعد سرکاری بلڈوزر کے شکار جہاں مسلمان ہوئے وہیں بعض غیر مسلم کے مکانوں کو بھی منہدم کر دیا گیا۔
ایسے بے گھر اور بے سہارا لوگوں کے لیے جمعیت علماہند میدان میں آئی. اور ان کے لیے تین کالونیاں تعمیر کر رہی ہیں، ان میں سے ایک مدنی نگر کالونی بھی ہے. اس کالونی سے قریب ہی دھرمپال کی اپنی زمین ہے جہاں جب جمعیت علماء کا وفد گیا تو وہاں موجود دھرمپال اور ان کے دوستوں نے جمعیت علماء ہند کے وفد کا استقبال کیا. 
خوشی سے سرشار دھرمپال نے کہا کہ جمعیت علماء ہند نے دکھ کی گھڑی میں ہماری مدد کی ہے، میرا دل اس وقت بہت خوش ہے. میں نے مولانا محمود مدنی صاحب کا بہت نام سنا ہے. لیکن آج وہ میری مدد کرنے میرے گھر آئیں گے یہ کبھی نہ سوچا تھا۔
جب جمعیت علماء ہند کا وفد مدنی نگر پہنچا تو وہاں مولانا رحیم الدین قاسمی بھی موجود تھے جو بلڈوزر کے ظلم و ستم کا شکار ہوئے، ان کا مکان بھی جمعیت علماء تعمیر کر رہی ہے، مولانا رحیم الدین نے کہا کہ مولانا محمود مدنی صاحب اور مولانا حکیم الدین صاحب نے اس مصیبت کی گھڑی میں ہمیں سہارا دیا اور ہمارے آشیانے کی تعمیر میں حصہ لیا، اسے ہم کبھی فراموش نہیں کر سکتے. اس موقع پر مولانا حکیم الدین قاسمی نے کہا کہ میوات میں باز آبادکاری کا کام ابھی اہم مرحلے میں داخل ہوا ہے، کچھ مکانات کی تعمیر ابھی چھت تک مکمل ہوئی ہے تو کچھ مکانوں کی ابھی ہم بنیاد ہی رکھ رہے ہیں جب تک کہ ایک ایک ضرورت مند تک ہم نہ پہنچ جائیں تو ہم چین کی سانس نہیں لیں گے۔
 انہوں نے کہا کہ جمعیت علمائے میوات بالخصوص مولانا محمد یحیی کریمی ناظم اعلی جمعیت علماء متحدہ پنجاب، مولانا شیر محمد امینی نائب صدر جمعیت علماء متحدہ پنجاب، مولانا محمد سلیم ساکرس، مولانا عبدالرحیم بڈیڈوی، ماسٹر محمد افضل، حافظ قاسم مہوں، محمد عالم گماٹ اور بہت سارے جمعیت کے کارکنان کی محنت شامل رہی ہے۔
واضح ہو کے جمعیت علما ء ہند فساد کے پہلے دن سے یہاں پر کام کر رہی ہے جمیعت علماء ہند جہاں 70 کے قریب مکانات تعمیر کر رہی ہے وہیں پر اس نے 600 لوگوں کو ضمانت دلانے میں کامیابی حاصل کی ہے۔
آج جمعیت کے وفد میں ناظم عمومی مولانا حکیم الدین قاسمی سینئر آرگنائزر مولانا غیور قاسمی، مولانا مفتی سلیم ساکرس ناظم مفتی سلیم ساکرس ، مولانا عظیم اللہ قاسمی، مولانا اظہر قاسم ظفر ناظم اعلی مدرسہ افضل العلوم مہوں، مولانا سعد زمزم ریسٹورنٹ نصیر باغ فیروز پور جھرکا، مولانا قمرالدین وغیرہ شامل تھے۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر