Latest News

سال ۲۰۲۳ میں عمرہ زائرین کی ریکارڈ آمد، سوا کروڑ سے زائد افراد نے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔

ریاض: سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر توفیق الربیعہ کا کہنا ہے کہ 2023 میں ساڑھے13 ملین (ایک کروڑ 35 لاکھ اور 50 ہزار) مسلمانوں نے عمرے کی سعادت حاصل کی۔
عرب میڈیا کے مطابق  حج و عمرہ کانفرنس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر توفیق الربیعہ نے کہا کہ 2023 میں عمرہ زائرین کی اب تک کی سب سے بڑی تعداد نے عمرے کی سعادت حاصل کی۔
انہوں نے کہاکہ گزشتہ برس 2023  میں  عمرہ زائرین کی تعداد میں 58 فیصد اضافہ ہوا جس دوران مجموعی طور پر  50 لاکھ اضافی زائرین نے عمرہ کی سعادت حاصل کی۔
سعودی وزیر حج و عمرہ کے مطابق  2019 میں مملکت کے باہر سے آنے والے زائرین کی سب سے زیادہ تعداد ساڑھے 8 ملین تھی، گزشتہ سال سہولتوں میں اضافے کے باعث عمرہ زائرین کی تعداد بڑھ کر ایک کروڑ 35 لاکھ 50 ہزار تک پہنچ گئی۔

انہوں نے مزید بتایا کہ 1.3 بلین ڈالر سے تجاوز کرنے والے منصوبوں کے ذریعے حج وعمرہ زائرین کی سہولیات میں اضافہ کیا جارہا ہے، ان منصوبوں میں  ڈیڑھ لاکھ نئے ائیر کنڈیشننگ یونٹس کا اضافہ شامل ہے تاکہ زائرین گرمی کے شدید موسم میں باآسانی عبادت کرسکیں، اس کے علاوہ 14 ہزار سے زیادہ بیت الخلاء اور غسل خانے بھی شامل ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر