رانچی: جھارکھنڈ کے وزیراعلی ہیمنت سورین کو ای ڈی ٹیم نے 7 گھنٹے طویل پوچھ گچھ کے بعد گرفتار کرلیا ہے۔ اب جھارکھنڈ کے اگلے وزیرِ اعلیٰ چمپئی سورین ہونگے۔حکمراں پارٹی کے اراکین اسمبلی نے چمپئی سورین کے حق میں اپنی حمایت کا خط گورنر سی پی رادھا کرشنن کو پیش کیا ہے۔ اس کا مطلب ہے کہ اب چمپئی سورین ہیمنت سورین کی جگہ جھارکھنڈ کے نئے وزیراعلی ہوں گے۔
نئی حکومت بنانے کے لیے 43 اراکین اسمبلی کی حمایت پر مبنی خط چمپئی سورین نے گورنر کے حوالے کر دیا ہے۔
اس سے قبل چمپئی سورین کو جے ایم ایم قانون ساز کونسل کا لیڈر منتخب کیا گیا تھا۔ جھارکھنڈ میں ’ٹائیگر‘ نام سے مشہور چمپئی سورین کے وزیر اعلیٰ بننے کی تیاریاں بھی شروع ہو گئی ہیں۔ چمپئی سورین کے ذریعہ حکومت سازی کا دعویٰ پیش کیے جانے سے ان افواہوں پر فل اسٹاپ لگ گیا جس میں کہا جا رہا تھا کہ ہیمنت سورین اپنی بیوی کلپنا سورین کو وزیر اعلیٰ بنانا چاہتے ہیں۔ ریاستی حکومت میں وزیر بنّا گپتا کا اس سلسلے میں بیان بھی سامنے آیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہیمنت سورین کی بیوی کلپنا سورین کو وزیر اعلیٰ بنائے جانے کو لے کر جو بھی خبریں چلائی جا رہی تھیں، وہ خیالی تھیں۔
واضح رہے کہ 62 سالہ چمپئی سورین کو جھارکھنڈ مکتی مورچہ (جے ایم ایم) سپریمو دیسوم گرو شیبو سورین کا بے حد قریبی مانا جاتا ہے۔ 2005 سے لگاتار وہ جھارکھنڈ اسمبلی کے لیے منتخب ہوتے آ رہے ہیں۔ چمپئی سورین نے 1991 میں پہلی بار سرائے کیلا اسمبلی سیٹ کے ضمنی انتخاب میں بطور آزاد امیدوار جیت حاصل کی تھی۔ پھر 2005 سے لگاتار وہ سرائے کیلا اسمبلی سیٹ کی نمائندگی کر رہے ہیں۔
اس بارے میں مزید معلومات دیتے ہوئے جے ایم ایم لیڈر راجیش ٹھاکر نے کہا کہ چمپئی سورین کے نام پر اتفاق رائے ہو گیا ہے۔ حکمراں پارٹی کے تمام ایم ایل ایز نے چمپئی سورین کو اپنا لیڈر منتخب کیا ہے۔ اس بارے میں بننا گپتا نے کہا کہ ہم نے چمپئی سورین کو قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا ہے۔
ادھر ہیمنت سورین کی گرفتاری کے بعد سی ایم کی رہائش گاہ، راج بھون، بی جے پی دفتر سمیت رانچی کے مختلف علاقوں میں سیکورٹی بڑھا دی گئی ہے۔ بتا دیں کہ ای ڈی کی ٹیم نے ہیمنت سورین سے سی ایم ہاؤس میں تقریباً 7 گھنٹے تک پوچھ گچھ کی ہے۔ وہیں اس کے بعد ہیمنت سورین راج بھون پہنچے اور گورنر کو اپنا استعفیٰ سونپ دیا۔
ذرائع کے مطابق ای ڈی افسران اب تک کی پوچھ گچھ میں ہیمنت سورین کے جوابات سے مطمئن نہیں ہیں۔ ہیمنت سورین نے اب تک کی پوچھ گچھ میں صرف ہاں اور نہیں میں جواب دیا ہے۔ ای ڈی حکام نے ہیمنت سورین سے 40 سے زیادہ سوالات پوچھے ہیں۔ کئی سوالات سن کر ہیمنت سورین ای ڈی حکام پر برہم ہوگئے۔
0 Comments