اسرائیلی فوج کی غزہ کے ساتھ مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی جارحیت جاری ہے، صیہونی افواج نے اسپتال میں گھس کر 3 فلسطینیوں کو شہید کردیا۔ رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے میں جنین شہر کے ابن سینا اسپتال کا محاصرہ کیا اور فائرنگ کرکے تین فلسطینیوں کو شہید کردیا۔
اسرائیلی فوجی اہلکار ڈاکٹر، نرس اور عام شہریوں کے لباس میں اسپتال میں داخل ہوئے، اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں شہید ہونے والے دو بھائی ہیں۔
اس کے علاوہ اسرائیلی فوج نے مقبوضہ مغربی کنارے کے متعدد شہروں سے مزید 18 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا۔فلسطینی اسیران کلب کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں7 اکتوبر سے اب تک 6 ہزار 390 فلسطینی گرفتار کیے جاچکے ہیں۔
فوج کے وحشیانہ حملے جاری ہیں ،اسرائیلی بمباری سے 24 گھنٹوں میں مزید 215 فلسطینی شہید ہوگئے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں اقوام متحدہ امدادی ایجنسی کے پناہ گزین اسکول کا محاصرہ کرلیا، گولہ باری اور فائرنگ سے 10 فلسطینی شہید ہوگئے۔ فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہے کہ اسرائیلی حملوں میں 24 گھنٹوں میں مزید 215 فلسطینی شہید ہوگئے۔ 7 اکتوبر سے فلسطینی شہدا کی تعداد 26 ہزار 637 ہوگئی جبکہ اسرائیلی حملوں میں اب تک 65 ہزار 387 فلسطینی زخمی ہوئے ہیں۔
دوسری جانب فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سےغزہ پٹی میں نسل کشی کا سلسلہ جاری ہے۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا ہےکہ غزہ پٹی پر7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی بمباری میں 26 ہزار 751 فلسطینی شہری شہیدہوئے جب کہ 65 ہزار 636 زخمی ہوچکے ہیں۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ میں رہائشی علاقوں پر بھی بمباری کی جارہی ہے جس کی وجہ سے متعدد شہادتوں کا خدشہ ہے۔ ادھر اسرائیل کا ال امل اسپتال کا محاصرہ آٹھویں روز بھی جاری ہے، اسپتال کے اطراف اسرائیلی فوج کی فلسطینی مزاحمت کاروں سے شدید لڑائی ہوئی۔
اس کے علاوہ شام میں ایرانی حمایت یافتہ ملیشیا کے ٹھکانے پر اسرئیل نے فضائی حملہ کیا جس کے نتیجے میں 6 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ حزب اللہ نے شمالی اسرائیل میں اسرائیلی فوجی اڈوں کو ٹینک شکن میزائلوں سے نشانہ بنایا۔
0 Comments