Latest News

نتیش کمار نے پھر ماری پلٹی, اب بہار میں بی جے پی کے ساتھ بنائی سرکار، نویں وزیر اعلیٰ کے طور پر لیا حلف، بی جے پی کے سمراٹ چودھری اور وجے سنہا نائب وزرائے اعلیٰ، راج بھون میں’جے شری رام‘ کی گونج۔

پٹنہ :راشٹریہ جنتادل سے علٰحدہ ہونے کے بعد بی جے پی کے ساتھ نیا اتحاد بنانے کے بعد نتیش کمار نے ریاست کے نویں وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف اٹھا لیاہے۔ ان کے ساتھ دو نائب وزرائے اعلیٰ سمراٹ چودھری اور وجے سنہا نے بھی حلف لیاہے۔ اس کے علاوہ متعدد وزرا نے بھی حلف اٹھا لیا ہے۔ 
رپورٹ کے مطابق نتیش کمار نے نئی وزارتی کونسل تشکیل دینے میں متعدد ذاتوں کو توجہ دی ہے۔ بی جے پی کے قومی صدر جے پی نڈا نے حلف برداری تقریب میں شرکت کی۔ میڈیا کی خبر کے مطابق راج بھون کے راجندر ہال میں منعقدہ حلف برداری تقریب کے دوران گورنر راجندر وشوناتھ آرلیکر نے نتیش کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ نتیش کے حلف لیتے ہی بہار میں ایک مرتبہ پھر این ڈی اے کی حکومت برسراقتدار ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق حلف لیتے ہی راج بھون ’جے شری رام‘ کے نعرے سے گونج اٹھا۔
قبل ازیں، نتیش کمار نے کئی روز سے جاری قیاس آرائیوں کی تصدیق کرتے ہوئے اتوار کی صبح اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔ نتیش کے استعفیٰ کے ساتھ ہی بہار کی 17 ماہ پرانی عظیم اتحاد کی حکومت کا خاتمہ ہو گیا۔ استعفیٰ دینے کے بعد نتیش کمار نے این ڈی اے قانون ساز پارٹی کے اجلاس میں میں شرکت کی، جہاں انہیں قائد منتخب کر لیا گیا۔ اس کے بعد نتیش کمار دوبارہ گورنر کے پاس پہنچے اور حکومت بنانے کا دعویٰ پیش کیا۔ نتیش نے گورنر کو بی جے پی اور جیتن رام مانجھی کی قیادت والی ہندوستانی عوامی مورچہ کا حمایتی خط سونپا۔ استعفیٰ دینے سے پہلے نتیش کمار نے جے ڈی یو کے ارکان اسمبلی کے ساتھ اجلاس کے دوران کہا کہ اب ایک ساتھ رہنا مشکل ہے اور استعفیٰ دینے کا وقت آ گیا ہے۔

اس سے پہلے نتیش کمار نے راج بھون پہنچ کر استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس بارے میں نتیش کمارنے خود کہا کہ انہوں نے اپنا استعفیٰ پیش کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف پارٹی بات سنی ہے اور ہم موجودہ اتحاد یعنی راشٹریہ جنتا دل سے الگ ہو چکے ہیں کیونکہ اس کے ساتھ کام کرنے میں دشواریاں پیش آرہی تھیں۔ نتیش کمار نے کہا کہ جب انہوں نے یہ مسئلہ پارٹی ممبران سے شیئر کیا تو انہوں نے ہمیں استعفیٰ کا مشورہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ اب ہم نے بہار کی ترقی کے لیے نئے اتحاد کے ساتھ حکومت بنائی ہے۔ 

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر