Latest News

چنڈی گڑھ میئر الیکشن کو سپریم کورٹ نے جمہوریت کا قتل قرار دیا، الیکشن کا ڈیٹا ہائی کورٹ رجسٹرار جنرل کے پاس ضبط کرنے اور ویڈیو گرافی کو محفوظ رکھنے کا حکم۔

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے حال ہی میں منعقدہ چنڈ ی گڑھ کے میئرالیکشن پرشدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے اسے ’جمہوریت کا قتل‘ قرار دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ میئرکے انتخابات کا صحیح طریقے سے انعقاد سب سے اہم ہے۔ عام آدمی پارٹی کی طرف سے پیش ہوئے ایڈوکیٹ ابھیشیک منوسنگھوی نے عدالت میں کہا کہ مقررکردہ ریٹرننگ افسرکا تعلق بی جے پی سے ہے۔ وہ پارٹی میں بھی سرگرم ہیں اورانہیں یہ عہدہ دیا گیا تھا۔ اس پرعدالت نے ابھیشیک منوسنگھوی سے ویڈیو فوٹیج کی پین ڈرائیومانگی ہے۔ عدالت نے کہا کہ ملزم کے خلاف مقدمہ چلایا جانا چاہئے۔چیف جسٹس جسٹس ڈی وائی چندرچوڑنے سماعت کے دوران کہا کہ یہ جمہوریت کو قتل کرنے کے مترادف ہے۔ اس آدمی کے خلاف مقدمہ چلایا جائے۔ یہ جمہوریت کے ساتھ مذاق ہے۔ یہ ریٹرننگ افسرکا رویہ ہے۔ ساتھ ہی سپریم کورٹ نے اس پورے معاملے پرنوٹس جاری کردیا۔ سپریم کورٹ نے یہ بھی کہا کہ ہائی کورٹ انتخابات کو صحیح طریقے سے کرانے میں ناکام رہی ہے۔چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑنے وکیل منیندرسنگھ سے کہا، ’’یہ واضح ہے کہ انہوں نے بیلٹ پیپرزمیں گڑبڑی کی، اس پرمقدمہ چلنا چاہئے، وہ کیمرے کی طرف کیوں دیکھ رہا ہے، وکیل صاحب، یہ جمہوریت کا مذاق اورجمہوریت کا قتل ہے، ہم حیران ہیں۔ کیا یہ ریٹرننگ آفیسرکا رویہ ہے؟ جہاں بھی کراس نیچے ہے وہ اسے ہاتھ نہیں لگاتا اورجب اوپرہوتا ہے تواسے بدل دیتا ہے، براہ کرم ریٹرننگ آفیسرکو بتائیں کہ سپریم کورٹ اس پرنظررکھے ہوئے ہے۔ ملک کی اعلیٰ ترین عدالت نے یہ بھی کہا کہ ایک مناسب عبوری حکم کی ضرورت تھی، جسے ہائی کورٹ جاری کرنے میں ناکام رہی ہے۔ ہم ہدایت دیتے ہیں کہ میئر چندی گڑھ میونسپل کارپوریشن کے انتخابات کا مکمل ریکارڈ ہائی کورٹ کے رجسٹرارجنرل کو سونپا جائے۔ ساتھ ہی بیلٹ پیپرزاور ویڈیوگرافی کو بھی محفوظ کیا جائے۔ ریٹرننگ آفیسر کو نوٹس جاری کرکے تمام ریکارڈ حوالے کرنے کا کہا گیا ہے۔چیف جسٹس آف انڈیا نے اپنے حکم میں مزید کہا کہ ایس جی تشارمہتا کہتے ہیں کہ پورا ریکارڈ چنڈی گڑھ کے ڈپٹی کمشنرکوسونپ دیا گیا ہے۔ ڈپٹی کمشنراسے رجسٹرار جنرل ہائی کورٹ کے حوالے کریں گے۔ چندی گڑھ میونسپل کارپوریشن کا آئندہ اجلاس اگلی تاریخ تک ملتوی کردیا جائے گا۔ دوسری جانب، انتخابات سے متعلق تمام دستاویزات آج شام 5 بجے تک ہائی کورٹ کے رجسٹرارجنرل کو سونپ دی جائیں گی۔ معاملے کی سماعت آئندہ ہفتے پیرکوہوگی۔ عدالتی حکم کے بعد چنڈی گڑھ کارپوریشن کا بجٹ منگل کوپیش نہیں کیا جائے گا۔ سپریم کورٹ نے آئندہ احکامات تک بجٹ پیش نہ کرنے کی ہدایت دی ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر