Latest News

چنڈی گڑھ میئر الیکشن: سپریم کورٹ نے عام آدمی پارٹی امیدوار کلدیپ کمار کو فاتح قرار دیا، بی جے پی کو جھٹکا۔

نئی دہلی:  سپریم کورٹ نے عام آدمی پارٹی کے کونسلر کلدیپ کمار کو چندی گڑھ میونسپل کارپوریشن کا میئر قرار دیا ہے۔ سپریم کورٹ نے بی جے پی امیدوار کی جیت کو منسوخ کر دیا ہے۔ ریٹرننگ آفیسر انیل مسیح نے بی جے پی امیدوار کو کامیاب قرار دیا تھا۔ اس کے ساتھ ہی سپریم کورٹ نے میئر کے انتخابات کرانے والے ریٹرننگ افسر انیل مسیح کی بھی کھنچائی کی۔ عدالت نے استفسار کیا کہ جن بیلٹ پیپرز کو کالعدم قرار دیا تھا کیا وہ خراب ہو گئے؟

 عدالت نے کہا کہ ہم دوبارہ گنتی کا حکم دے رہے ہیں۔ کالعدم قرار دیے گئے آٹھ بیلٹ پیپرز کو گنتی میں شامل کیا جائے اور اس کے بعد نتائج کا اعلان کیا جائے۔ سپریم کورٹ نے کہا کہ جن آٹھ بیلٹ پیپرز کو غلط قرار دیا گیا تھا، ان میں عام آدمی پارٹی کے امیدوار کلدیپ کمار کے حق میں ووٹ ڈالے گئے تھے۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کیجریوال نے اس فیصلے پر سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کیا ہے۔

 اس سے قبل پیر کو چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی قیادت والی بنچ نے 30 جنوری 2024 کو چنڈی گڑھ کے میئر کے عہدے کے لیے ووٹنگ کے دوران استعمال ہونے والے بیلٹ پیپر کو پیش کرنے کو کہا تھا۔ بینچ نے نئے انتخابات کرانے کے بجائے بیلٹ پیپرز کی دوبارہ گنتی کی ہدایات دی تھیں۔ پیر کی سماعت کے دوران عدالت نے انتخابات کے پریزائیڈنگ افسر انیل مسیح سے سخت سوالات کیے تھے۔

عدالت نے منگل کو ہونے والی سماعت کے دوران تمام بیلٹ پیپرز پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ انیل مسیح نے عدالت میں اعتراف کیا کہ اس نے بیلٹ پیپر پر کراس
 (X) 
کا نشان بنایا تھا۔ اس کیس کی سماعت سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ڈی وائی چندرچوڑ کی سربراہی میں تین رکنی بنچ کر رہی ہے۔ سپریم کورٹ نے 5 فروری کو ہونے والی سماعت میں ریٹرننگ آفیسر (انیل مسیح) کے بارے میں سخت ریمارکس دیئے تھے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر