Latest News

روہت شرما بھی بنے سرفراز کی شاندار بلے بازی کے مداح۔

نئی دہلی: ٹیم انڈیا کے کپتان روہت شرما نے ٹیسٹ کرکٹ میں رنز کے معاملے میں اپنی سب سے بڑی جیت درج کرنے کے بعد سرفراز خان کی جم کر تعریف کی ہے۔ سرفراز کو انگلینڈ کے خلاف راجکوٹ میں تیسرے میچ میں ٹیسٹ ڈیبیو کا موقع ملا جس میں انہوں نے دونوں اننگز میں نصف سنچریاں بنائیں ۔ اب روہت شرما بھی سرفراز کی شاندار بلے بازی کے مداح ہو گئے ہیں۔ روہت کا کہنا ہے کہ اس سے پہلے انہوں نے سرفراز کو کھیلتے نہیں دیکھا تھا۔ تاہم انہوں نے سرفراز کی بیٹنگ کے بارے میں ممبئی کے کچھ ساتھیوں سے سنا تھا جو بتا رہے تھے کہ یہ نوجوان بلے باز بڑی بڑی اننگز کھیلتا ہے۔ روہت نے کہا کہ اگر آپ سرفراز جیسے بلے باز کو کھلا چھوڑ دیں گے تو وہ بہتر کام کرے گا۔
26 سالہ دائیں ہاتھ کے بلے باز سرفراز خان نے راجکوٹ ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 66 گیندوں پر 62 رنز بنائے۔ حالانکہ وہ بدقسمتی سے رن آؤٹ ہوگئے۔ دوسری اننگز میں سرفراز نے 72 گیندوں پر شاندار ناٹ آوٹ 68 رنز بنائے۔ سرفراز اپنے پہلے ٹیسٹ کی دونوں اننگز میں 50 پلس اسکور کرنے والے چنندہ کھلاڑیوں میں شامل ہوئے، جس میں سنیل گواسکر بھی شامل ہیں۔
راجکوٹ ٹیسٹ میچ 434 رنز سے جیت درج کرنے کے بعد روہت شرما نے پریس کانفرنس میں کہا کہ ‘اگر آپ سرفراز خان کو کھلا چھوڑو گے تو وہ اپنا کام کرے گا ۔ ڈیبیو کے دوران جب انہیں کیپ دی گئی تو وہ قدرے جذباتی ہو گئے تھے، لیکن اس کے بعد جب میچ شروع ہوا تو میں نے انہیں کبھی نروس نہیں دیکھا۔ سرفراز خان کے ڈیبیو کے موقع پر ان کے والد نوشاد خان اور اہلیہ رومانہ ظہور بھی نرنجن شاہ اسٹیڈیم پہنچے تھے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر