نینی تال: اتراکھنڈ کی نینی تال پولیس نے جمعہ کے روز ہلدوانی کے تشدد میں مطلوب افراد کے پوسٹر جاری کیے۔ ان میں کلیدی ملزم عبدالمالک اور اس کا بیٹا عبدالمعید شامل ہیں۔
سینئر سپرنٹنڈنٹ آف پولس (ایس ایس پی) پی ایس مینا کے مطابق، 8 فروری کو بنبھول پورہ میں ملک کے باغیچے سے سرکاری اراضی پر تجاوزات ہٹانے کے دوران تشدد پھوٹ پڑا تھا اور پتھراؤ اور آتش زنی کی گئی تھی۔ جس میں 5 افراد ہلاک اور 100 سے زائد پولس اہلکار، افسران اور میڈیا والے زخمی ہوئے۔ پولیس اب تک 42 شرپسندوں کو گرفتار کر چکی ہے۔ نو اہم ملزمان تاحال مفرور ہیں۔ پولس ان کی گرفتاری کے لیے مسلسل چھاپے مار رہی ہے۔
پولس نے تمام نو مطلوب افراد کے پوسٹر جاری کر دیے ہیں۔ ہلدوانی شہر میں تمام اہم مقامات پر پوسٹر لگائے گئے ہیں۔ عوام سے ان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔ ان مطلوب افراد میں عبدالمالک، اس کا بیٹا عبدالمعید، تسلیم ولد صابر قریشی، وسیم عرف ہپا ولد انیس صدیقی، ایاز احمد ولد شکیل احمد عرف حافظ، رئیس عرف دتو ولد رفیق احمد، شکیل انصاری ولد جیمل احمد شامل ہیں۔
سبھی بنبھول پورہ کے باشندے ہیں۔ مینا نے عوام سے اپیل کی ہے کہ اگر کسی بھی شخص کو مذکورہ شرپسندوں کے بارے میں کوئی اطلاع ملے تو وہ فوری طور پر نینی تال پولس کو 9411112743، 9411110396 اور پولس کنٹرول روم کے نمبر 9411112979 اور 941207770 پر اطلاع دیں۔
پولس نے کلیدی ملزم عبدالمالک اور عبدالمعید کے خلاف لک آؤٹ نوٹس جاری کر دیا ہے۔ اب دوسری ایجنسیاں بھی ان کی تلاش میں مصروف ہیں۔ مینا نے کہا کہ پولس تمام مطلوب افراد کی جائیداد ضبط کرنے کی کارروائی بھی کر رہی ہے۔
0 Comments