Latest News

رام مندر کے بعد ابوظہبی میں متحدہ عرب امارات کے سب سے بڑے مندر کا پی ایم نریندر مودی کے ہاتھوں افتتاح۔

دبئی: ابوظہبی نے اپنا پہلا ہندو مندر کھول دیا ہے۔ ہندوستان کے وزیراعظم نریندر مودی نے خلیجی ملک متحدہ عرب امارات کے اپنے 2 روزہ دورے میں چہارشنبہ 14 فروری کو یو اے ای کے دارالحکومت ابوظہبی میں بی اے پی ایس سوامی نارائن مندر کا افتتاح انجام دیا۔
انہوں نے اس دوران کئی رسومات بھی ادا کیں۔ عرب امارات میں 108 فٹ اونچے مندر کا افتتاح ہندوستانی ریاست اترپردیش کے ایودھیا میں نریندر مودی کے ہاتھوں رام مندر کے افتتاح کے چند ہفتوں بعد ہوا ہے۔ ابوظہبی کا مندر متحدہ عرب امارات میں مقیم ہندو تارکین وطن کے لئے اہمیت کا حامل ثابت ہوگا۔ واضح رہے کہ ہندوستان میں عام انتخابات سے چند ماہ قبل مودی کا دورہ خلیجی ممالک، ہندوستان کے ساتھ ان کے بڑھتے ہوئے تعلقات کی عکاسی کرتا ہے۔
ابوظہبی کا بوچاسنواسی شری اکشر پرشوتم سوامی نارائن ہندو مندر یا بی اے پی ایس ہندو مندر 27 ایکڑ اراضی پر پھیلا ہوا ہے۔ یہ مندر متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زید النہیان کی طرف سے تحفے میں دی گئی زمین پر تعمیر کیا گیا ہے۔
انہوں نے2015 میں متحدہ عرب امارات کے سب سے بڑے مندر کی تعمیر کے لئے 13.5 ایکڑ زمین عطیہ کی تھی۔ اس کے بعد 2019 میں مزید 13.5 ایکڑ اضافی اراضی تحفے میں دی۔ عرب امارات میں 108 فٹ اونچے مندر کا افتتاح نریندر مودی کے ہاتھوں رام مندر کے افتتاح کے چند ہفتوں بعد ہوا ہے۔
بی اے پی ایس ہندو مندر کا افتتاح 12 روزہ ‘فیسٹیول آف ہارمونی’ کے دوران کیا گیا ہے۔اس جشن کا آغاز 10 فروری کو ہوا جو 21 فروری تک جاری رہے گا۔ اس دوران مختلف کمیونٹی پروگرامس اور تقاریب کا اہتمام کیا جائے گا۔

بی اے پی ایس ہندو مندر کی بنیاد اپریل 2019 میں رکھی گئی تھی اور اس کی تعمیر اُسی سال دسمبر میں شروع ہوئی تھی۔ رپورٹس کے مطابق مندر کی تعمیر پر تقریباً 400 ملین اماراتی درہم خرچ کئے گئے ہیں۔ عرب امارات میں یہ دوسرا مندر ہے۔ اس سے قبل 2019 میں دبئی میں عرب امارات کے پہلے ہندو مندر کا افتتاح ہوا تھا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر