Latest News

کیا ہے الیکٹورل بانڈ؟ جس کو غیر آئینی بتاکر سپریم کورٹ نے کیا رد اور کیوں لگا مرکزی حکومت کو جھٹکا۔

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے جمعرات 15 فروری کو الیکٹورل بانڈ سکیم کو منسوخ کر دیا۔ فیصلہ سناتے ہوئے، چیف جسٹس آف انڈیا ڈی وائی چندرچوڑ کی قیادت والی پانچ ججوں کی بنچ نے اسے غیر آئینی قرار دیا اور کہا کہ یہ اسکیم معلومات کے حق (آر ٹی آئی) کی خلاف ورزی کرتی ہے۔ اسے 2018 میں متعارف کرایا گیا تھا تاکہ سیاسی جماعتوں کو دیے جانے والے نقد عطیات کی جگہ سیاسی فنڈنگ میں شفافیت لائی جا سکے۔ آئیے سمجھتے ہیں کہ انتخابی بانڈ کیا ہے اور اسے سپریم کورٹ نے کیوں منسوخ کیا؟
انتخابی بانڈ کیا ہے؟
الیکٹورل بانڈز عطیہ دینے کا ایک ایسا ذریعہ  ہے جو افراد اور کمپنیوں کو اپنی شناخت ظاہر کیے بغیر سیاسی جماعتوں کو مالی امداد دینے کی اجازت دیتا ہے۔ اس اسکیم کو اس وقت کے وزیر خزانہ ارون جیٹلی نے سال 2017 میں بجٹ اجلاس میں پیش کیا تھا۔ مرکزی حکومت نے اسے 9 جنوری 2018 کو نافذ کیا۔
آپ انتخابی بانڈز کے ذریعے ملک کی کسی بھی سیاسی جماعت کو چندہ دے سکتے ہیں۔ اس کے لیے آپ کو بانڈز خریدنا ہوں گے۔ آپ یہ بانڈ صرف سرکاری بینک – اسٹیٹ بینک آف انڈیا یعنی ایس بی آئی سے خرید سکتے ہیں۔ آپ کو کسی دوسرے بینک سے انتخابی بانڈ نہیں ملیں گے۔
الیکٹورل بانڈ میں یہ سہولت بھی ملتی ہے کہ کس نے چندہ دیا، کس پارٹی کو اور کتنا عطیہ دیا، یہ سب خفیہ ہے۔ پارٹی کو بھی نہیں معلوم کہ اسے کس نے چندہ دیا ہے۔ ہاں لیکن ایس بی آئی اس سے واقف ہے۔ الیکشن کمیشن یا عام عوام یہ نہیں جان سکتے کہ کس پارٹی نے کتنا چندہ دیا ہے۔
نیز، یہ بانڈ ٹیکس کے دائرے میں نہیں آتا ہے، اور نہ ہی اس پر کوئی سود ادا کیا جاتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ بھی خیال کیا جاتا ہے کہ اگر کوئی اپوزیشن پارٹی کو بہت زیادہ چندہ دیتا ہے تو حکمراں جماعت اسے ہراساں کر سکتی ہے اور اس کے برعکس، اسی لیے عطیہ دہندگان کی معلومات کو خفیہ رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔
انتخابی بانڈز کیسے خریدے جاتے ہیں؟
فرض کریں کہ آپ کسی سیاسی جماعت کو 10,000 روپے عطیہ کرنا چاہتے ہیں۔ اس کے لیے آپ اسٹیٹ بینک آف انڈیا کی کسی بھی برانچ میں جائیں گے اور بتائیں گے کہ آپ کسی خاص پارٹی کو 10,000 روپے کا عطیہ دینا چاہتے ہیں۔ اس کے بعد آپ کو 10،000 روپے بینک میں جمع کروانے ہوں گے اور اس کے بدلے میں آپ کو 10،000 روپے کا بانڈ ملے گا۔
سیاسی جماعت کو یہ بانڈ ملے گا۔ اب پارٹی کے پاس اس بانڈ کو چھڑانے کے لیے صرف 15 دن ہوں گے۔ اگر پارٹی 15 دنوں کے اندر بانڈ کو چھڑا لیتی ہے، تو بینک میں جمع کردہ آپ کی رقم میں سے 10,000 روپے اس پارٹی کے اکاؤنٹ میں چلے جائیں گے۔ اگر پارٹی 15 دنوں کے اندر بانڈ کو نہیں چھڑاتی ہے، تو آپ کی جمع کی گئی رقم وزیر اعظم کے ریلیف فنڈ میں عطیہ کر دی جائے گی۔
انتخابی بانڈز کیسے جاری کیے جاتے ہیں؟
آپ کسی بھی پارٹی کو اپنی مرضی کے مطابق رقم نہیں دے سکتے۔ انتخابی بانڈ کے تحت عطیہ کی رقم مقرر ہے۔ یہ بانڈز:
1000، 10,000، 1,00,000، 10,00,000 اور ایک کروڑ۔
اگر آپ چاہیں تو ایک سے زیادہ بانڈ خرید سکتے ہیں۔
کون سی سیاسی جماعت چندہ وصول کر سکتی ہے؟
ملک میں ہرکوئی سیاسی جماعت چندہ وصول نہیں کر سکتی۔ صرف وہی پارٹیاں انتخابی بانڈز کے ذریعے عطیہ حاصل کرسکتی ہیں جو عوامی نمائندگی ایکٹ 1951 کے تحت رجسٹرڈ ہیں اور اس پارٹی کو لوک سبھا یا اسمبلی انتخابات میں کم از کم 1% ووٹ ملے ہیں۔
جب کانگریس نے پارلیمنٹ میں پوچھا کہ اب تک کتنے انتخابی بانڈ جاری کیے گئے ہیں، حکمراں جماعت نے 5 فروری 2024 کو جواب دیا کہ کل 16 ہزار 518 کروڑ روپے کے انتخابی بانڈ جاری کیے گئے ہیں۔ بی جے پی کو ان میں سے 50 فیصد سے زیادہ بانڈ ملے ہیں۔
سپریم کورٹ نے کیا کہا؟
الیکٹورل بانڈ اسکیم کے نافذ ہوتے ہی اس کے خلاف عدالت میں کئی درخواستیں دائر کی گئیں۔ درخواست گزاروں کا کہنا ہے کہ عام لوگوں کو معلوم ہونا چاہیے کہ کون سیاسی جماعتوں کو کتنا چندہ دے رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ جو کمپنی خسارے میں ہے وہ بھی چندہ دے سکتی ہے، ایسا کیوں ہے؟ کمپنی کے شیئر ہولڈرز کو یہ بھی معلوم ہونا چاہیے کہ ان کی کمپنی کس پارٹی کو چندہ دے رہی ہے۔
اس پر سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ "الیکٹورل بانڈ اسکیم آرٹیکل 19 (1) (A) یعنی آزادی اظہار کی خلاف ورزی ہے اور غیر آئینی ہے۔ اور اسے جاری کرنے والے بینک کو فوری طور پر انتخابی بانڈز کا اجرا روک دینا چاہیے”۔
عدالت نے ایس بی آئی کو حکم دیا کہ وہ انتخابی بانڈز سے متعلق تمام معلومات جو بینک کے پاس ہے وہ 6 مارچ تک الیکشن کمیشن کو دے، جس کے بعد الیکشن کمیشن اسے پبلک کرے۔
"سیاسی جماعتوں کو مالی امداد دینا انتقامی کارروائی کا باعث بن سکتا ہے۔ انتخابی بانڈ سکیم کالے دھن کو روکنے کی واحد سکیم نہیں ہے۔ اس کے علاوہ اور بھی آپشنز ہیں۔”

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر