Latest News

تاریخی اجلاس معراج النبیؐ و دینی معلومات کوئز کے مقابلے میں ٹیموں کا شاندار کارکردگی کا مظاہرہ، کانٹے دار مقابلے میں ڈی ٹی ایس کی ٹیم نے ماری بازی، تحفیظ القرآن کی ٹیم رنر اَپ قرار۔

کانپور: جمعیۃ علماء شہر کانپور کے زیر اہتمام شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں کی صدارت و ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کی زیر نگرانی رجبی گراؤنڈ پریڈ میں جاری تاریخ ساز عظیم الشان تاریخی اجلاس معراج النبیؐ ودینی معلومات کوئز کے دوسرے دن مقابلے میں ٹیموں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اپنے تعلیمی اداروں کا نام روشن کیا۔ مقابلہ کے دوران ملک کے معروف عالم دین دہلی سے تشریف لائے مولانا انیس احمد آزاد بلگرامی اور لکھنؤ سے تشریف لائے مولانا یحییٰ نعمانی نے موجود عوام کے جم غفیر سے خطاب کیا۔
دوروزہ دینی معلومات کوئز میں پہلے دور کے بعد حلیمہ مکتب ہندوستان کمپاؤنڈ، مدرسہ نورالقرآن ہمایوں باغ، مدرسہ تحفیظ القرآن گموں خاں کا احاطہ، دارالتعلیم والصنعت جاجمؤ، مکتب دا رارقم مکھنیا بازار بساط خانہ، مدرسہ تعلیم القرآن مسجد رئیس باغ تلک نگر،مدرسہ صدیقیہ ضیاء الاسلام بیگم پوروہ، مدرسہ ابراہیم شجاعت گنج اور رحمت مکتب یوپی لائن کی ٹیمیں کوارٹر فائنل میں پہنچیں۔ جس میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی مدرسہ تحفیظ القرآن، دارالتعلیم والصنعت جاجمؤ، مدرسہ صدیقیہ ضیاء الاسلام اور مدرسہ نورالقرآن ہمایوں باغ کی ٹیمیں سیمی فائنل تک پہنچیں۔ جس کے بعد جامعہ صدیقیہ تحفیظ القرآن احاطہ گموں خان اور دار التعلیم و الصنعت جاجمؤ نے فائنل میں اپنی جگہ بنائی۔ مقابلہ دلچسپ اور زبردست رہا، ایک مرتبہ مقابلہ برابری تک پہنچنے کے بعد دوبارہ 5/ سوالوں پر مشتمل سپرراؤنڈ میں جامعہ صدیقہ تحفیظ القرآن کی ٹیم صرف ایک پوائنٹ سے فاتح بنتے بنتے رہ گئی اور دار التعلیم والصنعت (ڈی ٹی ایس) جاجمؤ کی ٹیم کے اراکین ارحم، محمد حمزہ، اسید اللہ، ابوذر، محمد ارقم، محمد التمش، عبید اللہ نے مضبوط دعویداری کے ساتھ ٹرافی اور انعام کی رقم پر اپنا قبضہ جمایا۔جبکہ مدرسہ صدیقیہ تحفیظ القرآن کی ٹیم کے اراکین عبداللہ، محمد ابوذر، محمد سلیمان، محمد سعدان، محمد یحییٰ، محمد فہد خان، زین العابدین مقابلہ میں ’رنر -اَپ‘ رہے۔
مہمان خصوصی مولانا انیس آزاد بلگرامی نے نبی آخر الزماں حضرت محمدﷺ کے معراج کے سفر اور اس میں اللہ کی طرف سے ملنے والے تحفے کی تفصیلات سے واقف کراتے ہوئے بتایا کہ رسول ؐ کا سفر بیداری کے عالم میں جسم وروح کے ساتھ ہوا۔اللہ کے رسول ؐ نے اپنے رب کا دیدار کیا۔رسولؐ کے سفر کے تین حصہ ہیں،ایک مسجد الحرام سے مسجد اقصی ٰتک جسے اسریٰ کہتے ہیں، دوسرا مسجد اقصیٰ سے چٹان تک،چٹان سے سدرۃ المنتہی تک۔مولانا نے دینی معلومات کوئز میں مزید بہتری لانے کے مشوروں سے نوازا۔ انہوں نے دوران بیان کہا کہ یہ بچے جنہوں نے ابھی تک کعبۃ اللہ کو نہیں دیکھا لیکن ان کے اساتذہ کی کوششو ں کے نتیجے میں ان طلباء میں یہ حوصلہ پیدا ہوا اور انہوں نے تمام سوالات کے جوبات آسانی سے دئے۔ اس کے علاوہ مولانا نے سفر معراج کے پیغامات کے بارے میں بتایا۔
لکھنؤ سے آئے مولانا یحییٰ نعمانی نے تمام مساہمین کو اسلام کی ترجمانی کرنے اور اسلام کو ایسے طور پر پیش کرنے کی نصیحت کی کہ یہ اللہ کا وہ دین ہے جو انسانیت کی بھلائی اور خیر خواہی کیلئے اورانسانوں کو دنیا سے لے کر آخرت تک میں کامیاب بنانے کے لئے آیا ہے، اسلام کسی زور و زبردستی کا نام نہیں ہے۔اسلام کی حکمتیں اور تشریحات کو سمجھیں۔مذہب اسلام انسانوں کو اعلیٰ مخلوق بنانا چاہتاہے اور جب شریعت کے احکام کو جھوڑا جاتاہے تو زندگی خراب ہوتی ہے اور انسانیت دیگر مسائل میں گھر جاتی ہے۔مولانا نے موجود تمام لوگوں سے کہا کہ ہم اپنا مطالعہ مزید وسیع کریں، دین وسنت کو اپنی زندگی میں اتاریں۔
کوئز مقابلہ کے دوسر ے روز بطور حکم خاص طور پر اٹاوہ سے تشریف لائے مدرسہ عربیہ قرآنیہ کے ناظم مولانا طارق شمسی، جمعیۃ علماء فتح پور کے صدر مولانا عبد المعید قاسمی کے ساتھ مدرسہ جامع العلوم جامع مسجد پٹکاپور کے استاذ حدیث مفتی عبد الرشید قاسمی، جامعہ محمودیہ اشرف العلوم جاجمؤ کے استاذ مولانا محمد شفیع مظاہری نے دوران مقابلہ سوال، جواب کے درمیان نامکمل،غلط جواب یا الفاظ کے انتخاب میں پائی جانے والی کمیوں پر مدلل طریقے سے اپنا حتمی فیصلہ صادر فرمایا۔ کوئز مقابلہ میں نونہال بچوں کے ذریعہ دلچسپی کے ساتھ حصہ لینے کا منظر دیکھتے ہی بن رہا تھا۔ مولانا محمد سعد قاسمی اور مفتی سید محمد عثمان قاسمی نے مشترکہ طور پر دونوں دن اینکر کے فرائض ادا کئے۔ نتائج کے اعلان کے بعد کوئز مقابلہ میں حصہ لینے والی تمام ٹیموں کے طلباء کو عہدیداران جمعیۃ، معزز علمائے کرام اور ذمہ داران نے سرٹیفکیٹ اور تشجیعی انعامات سے نوازا۔ تقسیم انعامات کے بعد حکم اور مختلف ٹیموں کے نگراں نے اپنے اپنے تأثرات کا اظہار کرتے ہوئے جمعیۃ علماء کی خدمات اور کوئز پروگرام کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر ستائش کرتے ہوئے مزید بہتری کیلئے اپنے مفید مشوروں سے نوازا۔سہ روزہ اجلاس معراج النبیؐ و کوئز مقابلہ کے روح رواں مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے فاتح ٹیموں کے ساتھ ساتھ کوئز مقابلہ میں مکمل تیاری کے ساتھ حصہ لینے والے تمام بچوں، ان کے والدین،سرپرستوں، اساتذہ، نگراں اور تعلیمی اداروں کے ذمہ داران کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے تمام معاونین اور ذمہ داران کا شکریہ ادا کیا۔ اٹاوہ سے آئے قاری محمد حسان کی تلاوت سے شروع جلسہ میں جامعہ محمودیہ کے طالب علم محمد حنظلہ نے نعت و منقبت کا نذرانہ پیش کیا۔ پروگرام میں ہزاروں کی تعداد میں عوام شریک رہے۔ 

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر