Latest News

راہل گاندھی کی یاترا میں شامل ہوئے اکھلیش یادو، آگرہ میں بھارت جوڑونیائے یاترا میں پرینکا گاندھی سمیت تینوں رہنماؤں نے کیا خطاب۔

آگرہ: انڈیا بلاک ارکان میں اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے سماج وادی پارٹی صدراکھیلیش یادو نے اتوار کے دن آگرہ میں راہول گاندھی کی بھارت جوڑونیائے یاترا میں شرکت کی۔ سماج وادی پارٹی نے گذشتہ ہفتہ سماج وادی پارٹی اور کانگریس کے درمیان نشستوں کی تقسیم کا معاہدہ طے پانے کے بعد یاترا میں حصہ لینے کا دعوت نامہ قبول کیا۔
پرینکا گاندھی وڈرا بھی یاترا میں موجود تھیں۔ تینوں قائدین نے مجمع سے خطاب کیا۔ راہول گاندھی اور اکھیلیش یادو نے ہاتھ تھام کر اتحاد کا مظاہرہ کیا۔ اکھلیش یادو نے کہا کہ آنے والے دنوں میں سب سے بڑا چیلنج جمہوریت اور دستور کو بچانا ڈاکٹرامبیڈکر کے خواب پورا کرنا ہے۔ بی جے پی نے انہیں تباہ کردیا ہے۔ بی جے پی ہٹاؤ دیش کو بچاؤ۔ اکھلیش یادو اترپردیش کے پہلے اپوزیشن قائد ہیں جنہوں نے راہول گاندھی کی یاترا میں شرکت کی۔ گذشتہ ہفتہ کانگریس قیادت نے سماج وادی پارٹی کی یہ بات مان لی تھی۔ کانگریس یوپی میں لوک سبھا کی 17نشستوں پر الیکشن لڑے گی۔

پی ٹی آئی کے مُطابق سماج وادی پارٹی سربراہ اکھلیش یادو نے آگرہ میں آج راہول گاندھی کی یاترا میں حصہ لیا۔ سماج وادی پارٹی اور کانگریس ورکرس نے دونوں قائدین کی تائید میں نعرے لگائے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں مودی حکومت کو نشانہ تنقید بناتے ہوئے اکھلیش یادو نے کہا کہ آج کسان حکومت کے خلاف کھڑے ہیں۔
حکومت کسانوں کی طاقت سے خوفزدہ ہے۔ آنے والے وقت میں بی جے پی بیدخل ہوجائے گی اور انڈیا بلاک کی مخلوط حکومت کسانوں کو وہ احترام دے گی جس کے وہ مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے پسماندہ طبقات‘ دلتوں اور اقلیتی برادریوں کو وہ احترام نہیں دیا جس کے وہ مستحق تھے۔ اترپردیش کے سینئر کانگریس قائد پردیپ ماتھر بھی اس موقع پر موجود تھے۔
قائدین نے آگرہ میں ڈاکٹر امبیڈکرکے مجسمہ پرپھول مالا چڑھائی۔قبل ازیں کانگریس قائد راہول گاندھی نے علی گڑھ میں الزام عائد کیاکہ دیسی‘چھوٹی اور گھریلوصنعتیں اور کاریگر ملک میں پریشان ہیں کیونکہ بڑے کارپوریٹ گروپ سے جڑے تاجر بازاروں میں چینی سامان کی بھرمارکررہے ہیں۔
راہول گاندھی اپنی بھارت جوڑو نیائے یاترا کے مرادآباد سے براہ سنبھل علی گڑھ پہنچنے کے بعد مجمع سے خطاب کررہے تھے۔ علی گڑھ میں ان کا استقبال ان کی اپنی پارٹی کانگریس کے ورکرس کی کثیرتعداد کے علاوہ انڈیا بلاک کی حلیف سماج وادی پارٹی کے حامیوں نے کیا۔
کانگریس جنرل سکریٹری پرینکا گاندھی وڈرا‘ اپنے بھائی کے ساتھ ہیں۔ اترپردیش کانگریس نے ایکس پر ہندی میں پوسٹ میں کہا کہ بھارت جوڑونیائے یاترا‘اتحاد‘بھائی چارہ اور ہم آہنگی کا پیام لے کر جن نائک اور لوک نیتری کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔
یاترا کا ویڈیو شیئر کرتے ہوئے پارٹی نے کہا کہ یہ مجمع آنے والی نسلوں کو پیام بھیجے گا کہ جب بھی کوئی آمرملک کے اتحاد‘اقتداراعلیٰ اور دستور کو تباہ کرنے پرتل جاتا ہے تو ہم نے اس یاترا کے ذریعہ اسے روکنے کا کام کیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر