Latest News

سماج وادی پارٹی کے بزرگ رکن پارلیمنٹ اور مسلمانوں کی مضبوط آواز ڈاکٹر شفیق الرحمن برق کا انتقال۔

نئی دہلی: سماج وادی پارٹی کے سینر لیڈر اور ہندوستان کے سب سے قدیم رکن پارلیمنٹ جناب ڈاکٹر  شفیق الرحمن برق منگل کو مراد آباد کے ایک خانگی اسپتال میں 94 سال کی عمر میں انتقال کر گئے۔ وہ اترپردیش کے سنبھل پارلیمنٹ حلقہ سے نمائندگی کرتے تھے۔
شفیق الرحمان کو صحت سے متعلق بیماریوں کی وجہ سے آئی سی یو میں داخل کیا گیا تھا۔ انھیں سینے میں انفیکشن تھا۔ برق کا حال ہی میں دل کا آپریشن بھی ہوا۔ انھیں پہلے گروگرام کے میدانتا اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ سماج وادی پارٹی کے سربراہ اور یوپی کے سابق چیف منسٹر اکھلیش یادو کچھ دن پہلے بیمار ایم پی سے ملنے اسپتال گئے تھے۔
شفیق الرحمن 11 جولائی 1930 کو پیدا ہوئے۔ انہوں نے سیاست کا آغاز چودھری چرن سنگھ  کےساتھ کیا۔ وہ بابری مسجد ایکشن کمیٹی کے کنوینر بھی تھے۔ وہ مسلمانوں کی آواز بلند کرنے اور ایماندارانہ شبیہ رکھنے کے لیے ملک بھر میں جانے جاتے تھے۔ انہوں نے سماج وادی پارٹی کے قیام کے دوران ملائم سنگھ یادو کے ساتھ بھی کام کیا تھا اور انہیں ایس پی کا بانی رکن بھی کہا جاتا تھا۔ شفیق الرحمن برق، جو اس وقت سنبھل سے ایس پی ایم پی تھے، 5 بار لوک سبھا انتخابات جیت چکے ہیں۔ انہوں نے سال 1996، 1998 اور 2004 میں ایس پی سے تین بار مراد آباد لوک سبھا سیٹ جیتی۔ اس کے بعد وہ سنبھل لوک سبھا سے 2009 میں بی ایس پی کے ٹکٹ پر جیتنے میں کامیاب ہوئے تھے۔ اس کے بعد، 2019 میں، وہ دوبارہ ایس پی کے ٹکٹ پر سنبھل سے جیتے تھے۔ وہ چار مرتبہ یوپی اسمبلی رکن بھی رہے ہیں۔
ان کے انتقال پر سماج وادی پارٹی نے اپنے آفیشل ایکس ہینڈل پر کہا کہ سماج وادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور کئی بار ایم پی رہ چکے شفیق الرحمن برق صاحب کا انتقال انتہائی افسوسناک ہے۔ ان کی روح کو سکون ملے۔ سوگوار لواحقین کو یہ صدمہ برداشت کرنے کی طاقت ملے۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر