Latest News

جامعہ رحمت گھگھرولی میں جلسہ اصلاحِ معاشرہ و دستاربندی کا انعقاد، مدینہ منورہ سے مہمانانِ کرام کی شرکت، مولانا عبداللہ مغیثی کا ہزاروں کے مجمع سے خطاب،حفاظ کی دستار بندی۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
علاقہ کی معروف دینی درسگاہ جامعہ رحمت (عربک کالج) گھگھرولی سہارنپور میںجلسہ اصلاح معاشرہ و دستار بندی حفاظ کرام منعقد ہوا، جس کی صدارت مولانا حکیم محمد عبداللہ مغیثی قومی صدر آل انڈیا ملی کونسل نے کی۔ پروگرام میں مختلف صوبوں سے علماءکرام، ائمہ حضرات، قراءکرام دانشوران عظام اور بڑی تعداد میں عوام نے شرکت کی۔ ادارے کے مہتمم مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی کی دعوت پر، عالمی شہرت یافتہ قاری شیخ عبداللہ محمد یحی غیلان سابق قاری مسجد نبوی و امام مسجد ابن القیم مدینہ منورہ اور مولانا شمیم اختر مقیم حال مدینہ منورہ مہمانان خصوصی کے طور پر شریک ہوئے اور اپنے وقیع خطاب سے حاضرین کو مستفید کیا۔
عاشق ملت مولانا حکیم محمد عبداللہ مغیثی نے اپنے خطاب میں عوام کو تعلق مع اللہ پر زور دینے، گناہوں کے ترک کرنے، نشہ آور چیزوں سے بچوں کی حفاظت اور شادی بیاہ میں فضول خرچی سے اجتناب جیسی چیزوں پر توجہ دلائی۔
قبل ازیں مہمان خصوصی شیخ عبداللہ محمد یحی غیلان نے سامعین کو اپنی قرآت سے محظوظ کیا۔بعد ازاں مولانا شمیم اختر مدنی نے جامعہ کی علمی و تعلیمی خدمات کو سراہا اور جامعہ اور اس کے فارغین طلبہ کی مزید ترقی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا، اسی طرح انھوں نے مولانا حکیم محمد عبداللہ مغیثی اور ادارے سے اپنے دیرینہ تعلق، عقیدت اور محبت کا بھی اظہار کیا۔ 
مولانا ڈاکٹر عبدالمالک مغیثی نے اس موقع پر ادارے اور پوری برادری کی جانب سے استقبالیہ کلمات پیش کیے اور اس کے ساتھ جامعہ کی تاریخ اور اس کی علمی خدمات کا مختصر تعارف بھی کرایا۔ اس موقع پر جامعہ رحمت گھگھرولی کی مسجد مغیثی میں نماز جمعہ کا افتتاح ہوا، نماز جمعہ شیخ عبداللہ محمد یحی غیلان مدینہ منورہ نے پڑھائی اور ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے نماز پڑھی ۔پروگرام دو نشستوں پر مشتمل رہا، پہلی نشست میں طلبہ نے عربی، اردو، ہندی و عربی میں تقریریں پیش کیں، جبکہ دوسری نشست علماءکے بیانات، دستار بندی، نکاح اور دعا پر مشتمل تھی۔
اخیر میں علماءکرام کے ہاتھوں جامعہ کے 49 فارغین کے سروں پر دستار باندھی گئی اور کچھ جوڑوں کے سادگی کے ساتھ نکاح بھی پڑھائے گئے۔ صدر مجلس کی پرسوز دعا پر یہ جلسہ کامیابی کے ساتھ ختم ہوا۔
خطاب کرنے والوں میں مولانا محمد عاقل قاسمی گڑھی دولت، مفتی احسان دارالعلوم وقف دیوبند، مفتی محمد عمران قاسمی خانپور، مولانا توقیر احمد دارالعلوم دیوبند، مفتی جاوید قاسمی گڑھی دولت، مولانا عبد الخالق مغیثی، مفتی صابر قاسمی وغیرہ خصوصیت کے ساتھ قابل ذکر ہیں۔
شرکاء میں صوفی معین الدین پٹھیڑ، شاہ عتیق خانقاہ رائے پور، مولانا طیب عماد پور، مولانا عبد الحلیم بادشاہی باغ، مولانا عامر ٹڈولی، مولانا عارف رشیدی، مولانا واصف رشیدی، مولانا شمشیر الحسنی قاسمی، مولانا دلشاد مظاہری، قاری عبد الروف، مفتی انس، مولانا سفیان رشیدی وغیرہ سمیت ہزاروں کی تعداد میں علماء اور عوام نے شرکت کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر