Latest News

سماجوادی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوئے سابق وزیر سنجے گرگ۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
کافی دنوں سے جاری چرچہ کے درمیان آج بدھ کے روز سہارنپور کے سابق رکن اسمبلی و سابق وزیر سنجے گرگ سماجوادی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہوگئے، لکھنو میں واقع پارٹی کے ریاستی دفتر پہنچ کر انہوں نے بی جے پی کی رکنیت لی۔ اس دوران بی جے پی کے ریاستی صدر چودھری بھوپیندر سنگھ، جنرل سکریٹری امرپال موریہ، نائب وزیر اعلیٰ برجیش پاٹھک، ریاستی نائب صدر برج بہادر پاٹھک اور سہارنپور شہر کے ایم ایل اے راجیو گمبر نے انہیں زعفرانی پٹکا پہنا کر بی جے پی کی رکنیت دلائی اور پارٹی میں شامل ہونے پر سنجے گرگ کا استقبال کیا۔ 
لوک سبھا انتخابات سے عین قبل سہارنپور میں سماجوادی پارٹی کے لیے سنجے گرگ کا پارٹی چھوڑنا بڑا جھٹکا ہوسکتاہے ہے۔ سنجے گرگ کو ویشیا برادری میں اچھا اثر و رسوخ والا لیڈر سمجھا جاتاہے، ان کا شمار اکھلیش یادو کے قریبی لیڈروں میں ہوتا تھا، کافی دنوں سے ان کے سماجوادی پارٹی چھوڑ کر بی جے پی میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں چل رہی تھیں۔ سابق وزیر سنجے گرگ کے ساتھ سہارنپور سے پون گپتا، ڈاکٹر سدھیر سنگھ، اعظم شاہ، راہل شرما، پون گوئل، پریکشت ورما، سچن گرگ، ونے جندل سمیت ان کے دیگر حامیوں نے بھی بی جے پی میں شمولیت اختیار کی۔
اس دوران سنجے گرگ نے کہاکہ انہوں نے وزیر اعظم مودی اور وزیر اعلیٰ یوگی کی عوامی مفاد پالیسیوں سے متاثر ہوکر بی جے پی میں شامل ہونے کا فیصلہ کیاہے، انہوں نے کہاکہ وہ پارٹی کی کامیابی کے لئے کام کرینگے اور پارٹی انہیں جو ذمہ داری دے گی اسے پوری ایمانداری سے نبھائینگے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر