Latest News

مہاراشٹرا کے سابق وزیرِ اعلیٰ عبدالرحمن انتولے کی اہلیہ کا انتقال، ممبئی میں سپرد خاک۔

ممبئی: مہاراشٹرا کے پہلے مسلمان وزیراعلی اور سابق مرکزی وزیر مرحوم عبدالرحمن انتولے کی اہلیہ نرگس انتولے انتقال کرگئیں۔ وہ ایک مصنفہ بھی تھیں۔ موصولہ اطلاع کے مطابق گزشتہ نصف شب بیرسٹر عبدالرحمن انتولے کی اہلیہ نرگس انتولے نے جنوبی ممبئی میں منترالیہ کے نزد واقع اپنی رہائش گاہ میں آخری سانس لی۔ ایک سال قبل ان کے صاحبزادے بھی انتقال کرگئے تھے۔ نرگس انتولے کے جسد خاکی کو صبح سویرے خطہ کوکن میں انتولے کے آبائی وطن امبیٹ لے جایا گیا اور آج بعد نماز ظہر میں انہیں سپرد خاک کیا گیا۔ 78 سالہ نرگس انتولے بھیونڈی کے مرحوم سکندر فقیہ کی صاحبزادی تھیں۔
بھیونڈی، پڑگھا اور ممبئی سے بڑی تعداد میں متعلقین امبیٹ کے لئے روانہ ہوئے ہیں۔تاکہ تدفین می۔ شریک ہوں۔مرحومہ انجمن اسلام کے نائب صدر اور سابق ایم ایل سی مشتاق انتولے کی خوش دامن اور حقیقی چچی بھی تھیں۔
چند سال قبل نرگس انتولے نے عبدالرحمن انتولے اور ان کے درمیان ہونے والی خط وکتابت کو کتابی شکل دی تھی اور شیوسینا سربراہ اورسابق وزیرِِاعلٰی ادھو ٹھاکرے کے ہاتھوں انجن اسلام میں اجراء کا جلسہ ہواتھا۔
انجمن اسلام کے صدر ڈاکٹر ظہیر قاضی نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہاکہ ادارہ انتولے فیملی کے غم میں برابر شریک ہے،مرحومہ ایک مخلص اور جہاندیدہ خاتون تھیں ،جو ہرموقع پر اپنے شوہر کے ساتھ ثابت قدم رہیں۔اللہ مرحومہ کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ آمین

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر