Latest News

لکھنؤ میں سلینڈر دھماکہ میں مشیر اور ان کی اہلیہ سمیت ایک ہی خاندان کے ۵ افراد ہلاک، چار کی حالت تشویشناک۔

لکھنؤ: لکھنؤ کے ایک گھر میں سلینڈر کا زوردار دھماکہ ہونے سے 5 افراد کی موت ہوگئی جبکہ چار کی حالت تشویشناک ہے۔ فائر بریگیڈ محکمہ کے اہلکاروں نے جائے حادثہ پر پہنچ کر کافی مشقت کے بعد آگ پر قابو پایا۔خبرکے مطابق یہ حادثہ لکھنؤ کے کاکوری کے ہاتا حضرت صاحب میں پیش آیا ہے۔ یہاں رہنے والے مشیر علی زردوزی کا کام کرتے تھے۔ مشیر کے گھر میں گیس سلینڈر رکھے ہوئے تھے۔ کسی طرح اچانک گھر میں آگ لگ گئی اور سلینڈر زوردار دھماکے کے ساتھ پھٹ گیا جس میں مشیر اور ان کے خاندان کے 9 افراد بری طرح زخمی ہوگئے۔ دھماکہ ہوتے ہی پورے علاقے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ فوری طور پر فائر بریگیڈ و پولیس کو اطلاع دی گئی۔ فائر بریگیڈ کی ٹیم نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پایا۔
حادثے میں زخمی ہونے والے مشیر اور ان کے اہلِ خانہ کو فوری طور پر اسپتال لے جایا گیا جہاں مشیر اور ان کی اہلیہ حسنہ بانو، بھانجی ہما، حبا اور بھتیجی رائیا کی موت ہوگئی جبکہ مشیر کی دو بیٹیاں، ایک بھانجی اور بیٹا عظمت کی حالت کافی سنگین بتائی جا رہی ہے۔ یہ دھماکہ اتنا زو درا تھا کہ کمرے کی دیوار بھی اڑ گئی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر معاملہ شارٹ سرکٹ کا لگتا ہے جس کی وجہ سے گھر میں رکھے سلینڈر پھٹ گئے۔ پولیس فورس اور فائر بریگیڈ کی مجموعی طور پر 3 گاڑیوں کی مدد سے آگ پر قابو پایا جا سکا۔
اس ضمن میں لکھنؤ پولیس کمشنریٹ نے بتایا کہ کاکوری قصبے میں ایل پی جی سلینڈر دھماکے سے کل 9 افراد زخمی ہوئے جن میں سے 5 لوگوں کی موت ہوگئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں ایک خاتون، ایک مرد اور تین لڑکیاں شامل ہیں۔ ان سب کا تعلق ایک ہی خاندان سے تھا۔ 4 دیگر لوگ بری طرح زخمی ہوئے ہیں جنہیں علاج کے لیے لکھنؤ کے ٹراما سینٹر میں داخل کرایا گیا ہے۔ ان کی حالت اب بھی تشویشناک ہے۔ فی الحال معاملے کی تفتیش کی جا رہی ہے۔


Post a Comment

0 Comments

خاص خبر