Latest News

بجنور میں ہولی پر انسانیت شرمسار، مسلم ماں بیٹی اور بیٹے پر زبردستی رنگ ڈالنے کا سنسنی خیز واقعہ، وائرل ویڈیو کے بعد تین نابالغ سمیت چار افراد گرفتار۔

بجنور: یوپی کے بجنور ضلع کے دھام پور قصبے کی ویڈیو وائرل ہو رہی ہے، جس میں برقع میں ملبوس ایک لڑکی اور ایک عمر رسیدہ خاتون موٹر سائیکل پر نوجوان کے پیچھے ہیں اور ہولی کھیلنے میں مصروف کچھ نوجوان ان لوگوں کو راستے میں روک رہے ہیں اور زبردستی گیلے رنگ ان پر ڈال رہے ہیں۔ اتنا ہی نہیں بلکہ اس ویڈیو نے ایک بار پھر انسانیت کو شرمسار کر دیا ہے، انتہا پسند ہندو نوجوان عمر رسیدہ خاتون اور ان کی جواں سال بیٹی کے اوپر نہ صرف گیلے رنگوں سے بھری بالٹیاں اُڑیل رہے ہیں بلکہ نازیبا تبصروں کے ساتھ مذہبی نعرے لگاتے ہوئے ان کو چھونے کی کوشش بھی کر رہے ہیں۔ جس کے سبب بائک سوار تینوں ماں بیٹا اور بیٹی اپنے اپ کو پوری طرح غیر محفوظ محسوس کر رہے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نوجوان کے چہرے پر پہلے رنگ زبردستی لگایا جارہا ہے۔ بجنور پولیس نے اس سلسلے میں ایک مقدمہ درج کر کے 4 لوگوں کو گرفتار کیا ہے، جن میں سے 3 نابالغ ہیں۔ بجنور پولیس نے اس کارروائی کی اتوار کو جانکاری دی ہے۔ یہ واقعہ سنیچر کا بتا یا جاتا ہے۔
ہفتہ کو ویڈیو وائرل ہونے کے بعد بجنور کے پولیس سپرنٹنڈنٹ نیرج جادون نے کہا تھاکہ بجنور پولیس نے آج صبح سے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے ایک ویڈیو کا نوٹس لیا ہے۔ 
اس وائرل ویڈیو میں کچھ لوگ ایک بائک کو روک کر اس پر سوار لوگوں کو پریشان کر رہے ہیں اور زبردستی ان پر رنگ ڈال رہے ہیں۔ بجنور پولیس ان لوگوں کی شناخت کر رہی ہے۔ سی او دھام پور کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ متاثرہ خاندان سے بات کریں، شکایت لیں اور مقدمہ درج کریں۔پولیس کے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ دھام پور سروم سنگھ نے بی بی سی کو بتایاکہ اس معاملے میں موٹر سائیکل پر سوار متاثرہ کے خاندان کی شناخت کر لی گئی ہے۔ اس خاندان کا تعلق دھام پور تھانہ علاقے کے گاؤں جمال پور سے ہے۔ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ پچھلے سال بھی دھام پور میں بھگت سنگھ چوک علاقے میں کچھ مسلم خواتین پر رنگین غبارے پھینکنے کی ویڈیو وائرل ہوئی تھی۔ اس ویڈیو کو کئی سیاستدانوں نے بھی فیس بک پر شیئر کیا تھا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر