Latest News

تزکیہ نفس اور صفائی قلب بہت ضروری، روح کی غذا اللہ کا ذکر ہے، دارالعلوم امدادیہ گڑھی یمنا نگر میں استقبال رمضان کے عنوان پر منعقد اجلاس میں مفتی ابوالقاسم نعمانی کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
دارالعلوم امدادیہ گڑھی یمنا نگر کی جامع رشید میں استقبال رمضان کے عنوان سے صوبہ ہریانہ و ہماچل پردیش کے مدارس کے ذمہ داروں اور معلمین مکاتب کا مولانا علی حسن مظاہری کی دعوت پر رابطہ مدارس کے تحت اجلاس منعقد ہوا۔ اس موقع پر دارالعلوم دیوبند کے مہتمم مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی کا خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جسم کی نشو ونما کے لئے جس طرح غذا اور کھانے پینے کی ضرورت ہوتی ہے اسی طرح روح کی بالیدگی اور اس کی افزائش کے لئے اللہ کے ذکر کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے فرائض میں جس طرح تعلیم قرآن تھی اسی طرح تزکیہ نفس اور صفائی قلب بھی ہے، اسی لئے تعلیم و تدریس کے ساتھ ہمارے علماءاور مشائخ نے سلوک و طریقت سے اپنے کو کبھی مستغنی نہیں رکھا۔مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ ان خانقاہوں اور ذکر و شغل کی محفلوں کا مقصد یہی ہے کہ انسان کے اندر اخلاقی خوبیاں پیدا ہوجائیں اور اخلاقی برائیاں اس سے ختم ہوجائیں۔ مفتی ابو القاسم نعمانی نے دونوں صوبوں سے تشریف لانے والے مدارس کے ذمہ داران اور مدرسین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس علاقہ میں تعلیم کے ساتھ ساتھ خانقاہ اور ذکراللہ کی محفلوں کی ضرورت ہے، آج سے تین سال پہلے خانقاہ امدادیہ کے نام سے دارالعلوم امدادیہ کے روح رواں مولانا علی حسن مظاہری کی تحریک پر سنگ بنیاد میرے ذریعہ رکھا گیا تھا آج اسی خانقاہ کا باقاعدہ افتتاح ہے۔
مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہا کہ آپ سب لوگ خانقاہی نظام سے اپنے کو مربوط کریں اور مولانا علی حسن مظاہری جو مجھ سے بیعت و ارادت کا تعلق رکھتے ہیں مجھے ان پر اعتماد ہے، ان سے جڑکر رہیں، ان شاءاللہ اس علاقہ میں خانقاہی لائن سے بھی اچھا کام ہوگا اور خلق خدا کو مولانا علی حسن مظاہری سے بڑا نفع ہوگا۔ اس موقع پر ماہ مبارک میں پورے ماہ کے اعتکاف کا بھی نظام اس مجلس میں طے کیا گیا اور خود مفتی ابوالقاسم نعمانی نے رمضان المبارک کا پورا نظام العمل پڑھ کر سنایا۔ اس مجلس کی نظامت کے فرائض مولانا عبداللہ خالد قاسمی خیرآبادی سکریٹری رابطہ مدارس شمالی ہریانہ و ہماچل پردیش نے انجام دیئے۔
دارالعلوم امدادیہ گڑھی یمنا نگر کے مدرس مولانا محمد مسرور کی تلاوت کلام پاک سے اس مجلس کا آغاز ہو اور مفتی ابوالقاسم نعمانی کی دعا پر یہ مجلس اختتام پذیر ہوئی۔ دارالعلوم امدادیہ یمنا نگر کے معاون ناظم حافظ محمد احمد رشید اور ناظم تعمیر و ترقی حافظ محمد تعریف، حافظ محمد منتظر وغیرہ نے تمام مہمانوں کا استقبال کیا اور پروگرام میں شرکت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر