Latest News

مدارس اسلامیہ کا تحفظ و بقاء پوری امت کی ذمہ داری، ایمان کی دولت سب سے عظیم نعمت ہے۔ مدرسہ تحفیظ القران موضع ابراہیمی کے سالانہ جلسہ میں مولانا سید مودود مدنی کا خطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
سہارنپور کے سرساوہ علاقہ کے معروف دینی ادارہ مدرسہ تحفیظ القران موضع ابراہیمی میں آج تیرویں سالانہ جلسے کا انعقاد کیا گیا۔ جس کی سرپرستی خانوادہ زاہدی کے سرپرست مولانا محمد عارف قاسمی نے کی۔ مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدنی خاندان کے چشم و چراغ مولانا سید مودود مدنی صاحبزادہ محترم فدائے ملت حضرت مولانا سید اسعد مدنی ؒ نے شرکت فرمائی اور اپنے کلیدی خطاب میں ایمان کی بقاء اور مدارس کے تحفظ اور ان کی آبیاری کی تلقین کی۔
مولانا مودود مدنی نے جلسے کو خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تبارک و تعالی کی تمام مخلوق پر اور خاص طور سے تمام انسانوں پر انگنت نعمتیں ہیں ،جن کو انسان شمار بھی نہیں کر سکتا ، ان تمام نعمتوں میں سب سے افضل اور سب سے اعلی اللہ تبارک و تعالی نے مسلمانوں کو ایمان کی دولت سے نوازا ہے اور ایمان کا تقاضا یہ ہے کہ حالات اچھے ہوں یا برے انسان کو اپنے ایمان سے پیچھے نہیں ہٹنا چاہیے۔انہوںنے مدارس اسلامیہ کی اہمیت و عظمت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ مدارس اسلامیہ در حقیقت نبی کریم کے مشن کو آگے بڑھارہے ہیں اسلئے پوری امت کا فریضہ ہے وہ ان مدارس کے تحفظ اور بقاء میں حصہ لیں اور اپنی نسلوں کو دین محمدی سے مستفیض کریں تاکہ ہماری آنے والی نسلوں کا ایمان محفوظ رہ سکے۔ 
مولانامدنی نے حضرت مولانا زاہد حسنؒ اور مفتی محمد طیب قاسمی ؒ کی حیات وخدمات پر بھی روشنی ڈالی اور ان کے مشن کو آگے بڑھانے کو لئے نوجوان فاضل مولانا احسن زاہدی کو مبارکباد پیش کی۔ جلسے کی نظامت کے فرائض نوجوان عالم دین مفتی عبدالمومن نے بحسن و خوبی انجام دیئے۔ اس دوران تکمیل حفظ قرآن کریم کی سعادت حاصل کرنے والے حافظ محمدفہیم ولد راقب ابراہیمی ،حافظ عبدالاحد بن محمد طیب تھابنی کو علماءنے دستار فضیلت سے نوازا اور ناظرہ تکمیل قرآن کریم کرنے والی بچی شب نور ابراہیمی کو قرآن کریم کے ساتھ خصوصی انعام دے کر اسکی حوصلہ افزائی کی۔

اس دوران مدرسہ کے مہتمم مولانا محمد ا حسن زاہدی بن مولانا مفتی محمد طیب ؒ نے مدرسے کی سالانہ رپورٹ پیش کی اور آمد و خرچ کا مکمل حساب پڑھ کر سنایا نیز تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔ قبل ازاں جلسے کا آغاز تلاوت قران کریم اور نعت نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے ہوا۔ جمعیة علماءہند کے ضلع صدر مولانا سید حبیب اللہ مدنی کی دعاء پر جلسہ اختتام پذیر ہوا۔ اس دوران مفتی امجد قاسمی ٹورڈ پور ہریانہ، حافظ فرحان دہلی ان کے رفقائ، حافظ راشد، نوید احمد، زمران، شیراز قیصر، ڈاکٹر احسان چودھری علاوہ علاقے اور دور دراز کے علماءوائمہ اور عوام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر