بی ایس پی جو 2007 میں 272 سیٹیں جیت کریوپی میں برسراقتدار آئی تھی، اس وقت اپنے سیاسی حاشیے پر ہے۔ 2022 کے اسمبلی انتخابات میں پارٹی صرف ایک سیٹ جیت سکی۔ ایک اور الیکشن قریب ہے اور بی ایس پی کی تیاریوں کے بارے میں بات کرتے ہوئے، پارٹی نے سات سیٹوں کے لیے امیدواروں کا اعلان کیا ہے جن میں پانچ مسلم چہرے ہیں۔ مرادآباد سے عمران سیفی، قنوج سے عقیل احمد پٹہ، سہارنپور سے ماجد علی، امروہہ سے ڈاکٹر مجاہد حسین، بجنور سے چودھری وجیندر سنگھ اور مظفر نگر سے دارا سنگھ پرجاپتی کو اپنا امیدوار بنایا گیا ہے۔یہ چار ایسی سیٹیں ہیں جہاں مسلم اور دلت ووٹروں کے پاس گیم بنانے یا توڑنے کی طاقت ہے
مایاوتی نے 2017 کے اسمبلی انتخابات میں 99 مسلم امیدوار کھڑے کیے تھے۔ ان میں سے زیادہ تر امیدوار 140 سے زیادہ مسلم اکثریتی اسمبلی سیٹوں پر کھڑے ہوئے جہاں مسلم ووٹروں کی تعداد 20 فیصد یا اس سے زیادہ تھی۔ ان 99 امیدواروں میں سے صرف 5 مسلم امیدوار ہی جیت سکے۔ پانچ سال بعد 2022 کے اسمبلی انتخابات میں بی ایس پی نے ان سیٹوں پر 60 سے زیادہ مسلم امیدوار کھڑے کیے تھے۔ اس الیکشن میں بی ایس پی کو عبرتناک شکست کا سامنا کرنا پڑا اور پارٹی صرف ایک سیٹ جیت سکی۔ ایک طرف یہ اعداد و شمار واضح کرتے ہیں کہ مسلم کمیونٹی میں پارٹی کی گرفت آہستہ آہستہ کمزور ہوتی جا رہی ہے۔ دوسری طرف انتخابی صف بندی میں مسلم ووٹوں کی تقسیم کا فائدہ بی جے پی کو ملتا نظر آرہا
اگر ہم اسے مثال سے سمجھیں تو 2017 کے اسمبلی انتخابات میں، ایس پی اور بی ایس پی دونوں نے مغربی اتر پردیش کے کئی اضلاع جیسے میرٹھ، مظفر نگر، شاملی، سہارنپور اور مرادآباد میں مسلم اکثریتی اسمبلی سیٹوں پر بی جے پی کے امیدواروں کے خلاف مسلم امیدوار کھڑے کیے تھے۔
2017 کے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی امیدوار اوتار سنگھ بھڈانہ نے مظفر نگر کی میراپور اسمبلی سیٹ صرف 193 ووٹوں سے جیتی تھی۔ جہاں اوتار سنگھ بھڈانہ کو 69,035 ووٹ ملے۔ سماج وادی پارٹی کے امیدوار لیاقت علی کو 68,842 ووٹ ملے تھے وہیں بی ایس پی کے نوازش عالم خان کو اس الیکشن میں 39,679 ووٹ ملے تھے۔
میراپور اسمبلی سیٹ کے علاوہ تھانہ بھون، میرٹھ ساؤتھ، سیوال خاص، دیوبند، بھوجی پورہ، نور پور اور کانٹھ جیسی تقریباً 14 ایسی اسمبلی سیٹیں تھیں جہاں مسلم امیدواروں کو ملنے والے کل ووٹ بی جے پی امیدواروں سے زیادہ تھے۔ بی ایس پی کے زیادہ تر امیدوار ان سیٹوں پر تیسرے یا چوتھے نمبرپر رہے۔
2022 کے اسمبلی انتخابات میں بی ایس پی صرف ایک سیٹ جیت سکی۔ ان انتخابات میں پارٹی نے 60 سے زیادہ مسلم امیدوار کھڑے کیے تھے لیکن اس بار مسلم ووٹ بینک کا پولرائزیشن ایس پی اور آر ایل ڈی اتحاد کے حق میں دیکھا گیا۔ مسلم ووٹوں کی تقسیم کی وجہ سے 2017 کے اسمبلی انتخابات میں ایس پی کو مغربی یوپی کی مسلم سیٹوں جیسے تھانہ بھون، سیوال خاص، میرا پور، نور پور، بھوجی پورہ اور کانٹھ پر شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔ لیکن 2022 کے انتخابات کے نتائج نے ان سیٹوں پر الٹ پٹ کردیا/ان تمام سیٹوں پر ایس پی-آر ایل ڈی اتحاد کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔
2017 کے اسمبلی انتخابات میں 19 سیٹیں جیت کر، بی ایس پی نے ریاست میں اپنا ووٹ شیئر 22.23% پر برقرار رکھا۔ 2022 کے اسمبلی انتخابات میں ووٹ شیئر گھٹ کر 12.88 فیصد رہ گیا۔ ماہرین کا خیال تھا کہ بی ایس پی کے ووٹ شیئر میں یہ بڑی کمی مسلم ووٹروں کی بی ایس پی سے دوری کی علامت ہے
یہ سمجھنے کے لیے کہ مایاوتی کے اکیلے الیکشن لڑنے سے بی جے پی کو کیا فائدہ ہوگا، ہمیں کچھ مسلم اکثریتی سیٹوں پر 2014 اور 2019 کے نتائج کا اندازہ لگانا ہوگا۔ سماج وادی پارٹی (ایس پی)، بی ایس پی اور کانگریس نے 2014 کے لوک سبھا انتخابات الگ الگ لڑے تھے۔ 2019 میں ایس پی اور بی ایس پی کے درمیان اتحاد ہوا تھا۔ مسلم اکثریتی نشستوں پر ان دونوں مساواتوں میں کیا فرق آیا، یہ جاننے کے لیے کچھ نشستوں کا جائزہ لینا ہوگا۔
2014 کے لوک سبھا انتخابات کے دوران بی جے پی نے مراد آباد سیٹ سے کنور سرویش کمار کو میدان میں اتارا تھا۔ ایس پی، بی ایس پی اور کانگریس نے الگ الگ الیکشن لڑتے ہوئے اپنے مسلم امیدوار کھڑے کیے تھے۔ کنور سرویش کمار نے یہ انتخاب 45,225 ووٹوں سے جیتا تھا۔ ان کا ووٹ شیئر 27.38 فیصد رہا۔ دوسرے امیدوار ایس ٹی حسن کا ووٹ شیئر 22.4 فیصد رہا۔ بی ایس پی امیدوار حاجی محمد یعقوب کا ووٹ شیئر 9.08 فیصد رہا۔
2019 میں تصویر بدل جاتی ہے۔ ایس پی اور بی ایس پی اتحاد میں لوک سبھا الیکشن لڑ رہے تھے۔ انتخابی نتائج میں ایس پی کے ڈاکٹر ایس ٹی حسن کو 6,49,416 ووٹ ملے اور ان کا ووٹ شیئر 50.65 فیصد رہا۔ کنور سرویش کمار، جنہوں نے 2014 میں الیکشن جیتا، 43.01 فیصد ووٹ شیئر کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ مغربی اتر پردیش کی دیگر مسلم اکثریتی نشستوں جیسے امروہہ، بجنور، سنبھل، سہارنپور اور رامپور میں بھی ایسی ہی صورت حال رہی
جہاں اتحاد نے مسلم ووٹوں کو متحرک کرکے بی جے پی کو شکست دی۔
2024 کے لوک سبھا انتخابات میں مایاوتی کے اکیلے لڑنے سے ایک بار پھر 2014 کے انتخابات جیسی صورتحال پیدا ہو گئی ہے۔ ایسے میں جہاں ہندو ووٹ پولرائز ہوں گے وہیں مسلم ووٹوں کا تقسیم ہونا یقینی سمجھا جاتا ہے۔ تاہم، نتائج ہی طے کریں گے کہ مایاوتی کی اس حکمت عملی سے ‘انڈیا’ اتحاد کو کتنا نقصان اٹھانا پڑ سکتا ہے۔
0 Comments