Latest News

جامعہ الہدایہ پبلک اسکول نگلہ راعی میں سالانہ انعامی وثقافتی پروگرام کا انعقاد، سالانہ امتحانات کے ٹاپر بچوں کی سند اعزاز اور مومنٹو دے کر حوصلہ افزائی۔

مظفرنگر: سمیر چودھری۔
چرتھاول کے نگلہ راعی جامعہ نگر میں واقع جامعہ الہدایہ پبلک اسکول کے سالانہ انعامی وثقافتی پروگرام کا انعقاد عمل میں آیا، جس میں مہمان خصوصی کے طور پر پیغام انسانیت کے صدر آصف راہی، مولانا اکرم ندوی، مولانا زبیر رحمانی، کلیم تیاگی وغیرہ نے شرکت کی، پروگرام کی صدارت حافظ محمد فرقان اسعدی نے کی، جبکہ نظامت کے امور جامعہ الہد ایہ کے مینیجر مولانا موسیٰ قاسمی نے انجام دیئے۔
الہدایہ پبلک اسکول کے بچوں نے جہاں مختلف ثقافتی، تہذیبی پروگراموں کے ساتھ اردو ہندی اور انگریزی زبانوں میں تقاریر ودیگر پروگرام پیش کرکے حاضرین سے خوب داد وتحسین حاصل کی۔ پروگرام میں سالانہ امتحانات میں امتیازی نمبرات حاصل کرنے والے ہر کلاس کے ٹاپر بچوں کو سند اعزاز اور مومنٹو دے کر ان کی حوصلہ افزائی کی گئی۔ پروگرام کا آغاز قاری محمد شعیب کی تلاوت اور مولانا جنید ہ ہاشمی کی نعت پاک سے ہوا۔
اس موقع پرافتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جمعیة علماءمغربی اترپردیش کے نائب صدر حافظ محمد فرقان اسعدی نے کہا کہ تعلیم کو دو زمروں میں تقسیم کرنا نا انصافی ہوگا، انہوں نے اسلامی تاریخ کے حوالہ سے کہا کہ ماضی میں دینی اور دنیاوی تعلیم کے الگ الگ ہونے کا تصور نہیں تھا، تمام اسلامی مراکز میں اسلامیات کے ساتھ عصری علوم پر توجہ دی جاتی تھی ، انہوں نے کہا کہ اس پرفتن دور میں بالخصوص ہندوستانی مسلمانوں کے لئے یہ ضروری ہے کہ وہ اپنے بچوں کے لئے اگر ضرورت پڑے تو ایک وقت روٹی سے کام چلائے لیکن ان کی تعلیم وتربیت میں کوئی کمی نہ رہ پائے۔
پیغام انسانیت کے صدر آصف راہی نے کہا کہ آج اشد ضرورت اس بات کی ہے کہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ساتھ ان کی ذہنی اور جسمانی تربیت ہو ، انہوں نے جامعہ الہدایہ کی تعلیمی کاکردگی کے حوالہ سے کہا کہ مجھے بچوں کے ذریعہ پیش کئے پروگرامس کو دیکھ کر یقین ہوگیا کہ اس کے طرح کے اداروں میں بھی کانوینٹ اسکولوں کی طرح تعلیمی نظام بحسن خوبی چل رہا ہے ، انہوں نے کہا کہ ادارہ کے بچے اور بچیاں یہاں سے تعلیم حاصل کرکے ملک اور سماج کی ترقی میں اپنا رول ادا کرینگے ، اور ایک دن یہ ہی بچے آئی اے ایس اور آئی پی ایس بن کر ملک اور قوم کا نام روشن کرینگے ایسا میرا یقین ہے۔
مولانا اکرم ندوی نے کہا کہ کوئی بھی سماج اگر تعلیم میں پچھڑ جاتا ہے تو تمام میدانوں میں پسماندگی کا شکار ہوجاتا ہے ،تعلیمی پسماندگی کے خاتمہ کے بغیر دیگر پسماندگی کو دور نہیں کیا جاسکتاہے،آج مجھے بے حد خوشی ہے کہ اس طرح کے ادارے اس سمت میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں۔
مولانا زبیر رحمانی نے اپنے خطاب میں تمام بچوں کے ساتھ نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مسقبل میں یہ بچے سماج اور ملک کا نام روشن کرینگے۔انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم کے ساتھ ان کی ذہنی تربیت بھی بہت ضروری ہے۔ یوڈی او صدر کلیم تیاگی نے کہا کہ تعلیم ہی ترقی کی سیڑھی ہے ، تعلیم حاصل کرنا ہر بچے کا قانونی حق ہے ،بچوں کے والدین کے لئے ضروری ہے کہ وہ بچوں کی بہتر تعلیمی اور تربیتی انتظام کریں۔ مولانا موسیٰ قاسمی نے اسلام میں تعلیم کی اہمیت اور ماضی میں اسلامی مراکز کے ذریعہ انقلابی تعلیمی خدمات پرتفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ آج افسوس یہ ہے کہ ہم نے اپنے بچوں کو دینی تعلیم سے دور کردیاجس کی وجہ سے معاشرہ میں برائیاں عام ہوگئیں، مولانا احسان قاسمی نے کہا کہ آج ماڈرن ایجوکیشن کے ساتھ دینی تعلیم کی بہت سخت ضرورت ہے،۔ڈاکٹر شاہ رخ چودھری جامعہ ہمدرد یونیورسٹی دہلی نے کہا کہ قرآن کریم کا سب سے پہلا پیغام ہی تعلیم کو عام کردینے کا ہے ،تحسین علی نے کہا کہ اس قسم کے اداروں سے ہی قوم کا بھلا ہوسکتاہے۔
پردھان افسرون نے کہاکہ ہمیں تعلیم کے ذریعہ بچوں میں خدمت کے جذبات،پیدا کرنا برداران وطن کے ساتھ اخوت ومحبت کے مراسم پیدا کرنااور ملک کی ترقی اور خوشحالی میں مثبت کردار ادا کرنا ہے۔ چیئرمین چرتھاول ماسٹر اسلام تیاگی نے کہا کہ تعلیم ہی ایسا ہتھیار ہے جس سے دینی اور دنیاوی زندگی میں اصلاح کی جاسکتی ہے۔
پروگرام میں طلباءاور طالبات کے ساتھ ساتھ ٹیچرس،ملازمین، صحافیوں اور مختلف میدانوں میں نمایاں خدمات انجام دینے والی شخصیات کو اعزاز سے نوازا گیا۔ اس موقع پر ساجد تیاگی گوڈ گریس انٹر کالج ،مولانا محمد احسان قاسمی، قاری شعیب عالم ،مولانا جنید ہاشمی،قاری شاہ نواز،صبیحہ خانم، عفت جہاں تیاگی،لائبہ صدیقی، ادیبہ صدیقی، غزالہ تیاگی ،پردھان محمد افسرون، حاجی مطلوب راعین، ملہو نیتاجی، ظہیر ڈیلر، قاری شہزاد،قاری نوشاد، حاجی عابد حسین، شاہدراعین، حاجی سلیم ، حاجی نعیم، حاجی شمیم ، سہیل راعین،حاجی گلفام،،وغیرہ موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر