Latest News

الوداع جمعہ کو دیوبند کی مساجد میں امڈی فرزندانِ توحید کی بھیڑ، نماز دوگانہ اداکرکے مانگی امن و سلامتی، خیر و برکت اور فلسطین کے لئے دعائیں، مسلمان ہر حال میں ایمان پر استقامت کا مظاہرہ کریں: مفتی عفان منصورپوری۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
رمضان المبارک کے آخری جمعہ کے موقع پر دیوبند کی تمام مساجد میں ہزاروں کی تعداد میں روزہ دار نماز جمعہ ادا کر نے کے لئے پہنچے جنہوں نے نماز جمعہ کے بعد اللہ کی بارگاہ میں ہاتھ پھیلاکر اپنے گناہوں کی توبہ کی اور پورے سال اسی طرح رحمتیں اور برکتیں نازل کئے جانے نیز ملک میں امن وسلامتی قائم رہنے کے لئے دعائیں مانگیں ۔دیوبند کی مرکزی جامع مسجد، دارالعلوم دیوبند کی مسجد رشید، چھتہ مسجد اور دارالعلوم وقف کی اطیب المساجد سمیت شہر کی خاص خاص مسجدوں میں دیوبند اور آس پاس کے دیہی علاقوں کے لوگوں نے پہنچ کر نماز جمعہ ادا کی ۔دارالعلوم دیوبند کی مسجد رشید میں جامع مسجد کے امروہہ کے استاذ مفتی عفان منصورپوری نے نماز جمعہ ادا کرائی۔ بعد نماز جمعہ انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ مسلمانوں کو چاہئے کہ وہ سوشل میڈیا سے دور رہیں اور دین کے مسئلہ پر علماءسے رابطہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کا یہ تربیتی مہینہ امت کو سبق دیتا ہے کہ اگر ہم آخرت کی کامیابی کو پیش نظر رکھ کر دنیا کی زندگی گزاریں تو اللہ تعالیٰ دنیا کی عافیت سے بھی سرفراز فرمائیں گے۔ مفتی عفان نے کہا کہ حدیث مبارکہ میں یہ بشارت بھی سنائی گئی ہے کہ جو اپنا معاملہ اللہ کے ساتھ درست رکھے گا اللہ اس کے اور بندوں کے معاملات بھی درست فرمادیں گے۔ انہوں نے کہا کہ جو شخص اپنی خلوت وتنہائی کو سنوارے گا یعنی گناہوں سے بچ کر شریعت وسنت کے مطابق گزارے گا تو اللہ تعالیٰ اس کے ظاہر کو درست فرمادیں گے۔ مفتی عفان منصورپوری نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ ہر حال میں ایمان پر استقامت کا مظاہرہ کریں ، اپنے بچوں اور نسل نو کو قرآن پاک اور دین کے بنیادی عقائد ومسائل سے ضرور واقف کرائیں ۔ اسلامی تہذیب وشناخت کو زندہ رکھیں ، اللہ کے غیض وغضب کو دعوت دینے والے اعمال سے باز آئیں۔ مسلمانوں ، بھائیوں اور انسانیت کے ساتھ ہمدردی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زندگی گزاریں تاکہ رضائے خداوندی کا حصول ممکن ہو اور امت کے افرادکی آزمائش کے دور سے باہر نکلنا آسان ہو ۔ مفتی عفان نے عالم اسلام بالخصوص غزہ اور فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں اور مسجد اقصٰی کی بازیابی کے لئے خاص طو رپر دعا کی اپیل کی۔ چھتہ مسجد میں نماز جمعہ کے بعد جمعیةعلماءہند کے قائد مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ جمعہ کا دن تمام دنوں کا سردار ہے ۔مولانا ارشد مدنی نے بتایا کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی امت کو یہ ہدایت دی کہ جمعہ کے دن زیادہ سے زیادہ درود وسلام کا ورد کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ رمضان کے باقی ماندہ چند دنوں میں خوب دعائیں اور عبادات کی جائیں۔اس کے علاوہ دیوبند کے تمام گھروں میں خواتین اور معصوم بچیوں نے بھی نماز پڑھ کر اللہ تعالیٰ کے حضور خوب دعائیں مانگیں۔شہر کی مساجد میں نماز اور بیان کے بعد نمازیوں نے بازاروں کا رخ کیا اور عید الفطر کے لئے جم کر خریداری کی ۔جمعة الوداع کے موقع پر میونسپل بورڈ دیوبند کی جانب سے تمام مساجد کے آس پاس صفائی ستھرائی کرائی گئی اور کلی چونے کا چھڑکاو کرایا گیا۔ حکومت وانتظامیہ کی جانب سے مسجدوں کے آس پاس آر اے ایف کے جوان اور پولیس اہلکار تعینات رہے ۔اس کے علاوہ افسران بھی دیوبند کی مخصوص مسجدوں کے آس پاس گشت کرتے دکھائی دئیے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر