Latest News

اسکول و کالج کے بچوں کو علماء، ائمہ اور مساجد سے قریب کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت: مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی، متین الحق اکیڈمی کے تحت۲ روزہ دینی سمر کیمپ کا کامیاب انعقاد، آخری نشست میں بچوں کو انعامات سے نوازا گیا۔

کانپور: جمعیۃ علماء اترپردیش کے سابق صدرحضرت مولانا متین الحق اسامہ قاسمی ؒکی یاد میں قائم ”متین الحق اکیڈمی“ کے زیر اہتمام اسکول وکالجوں کے طلباء کے لئے مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء اترپردیش کی نگرانی میں دو روزہ ”دینی سمر کیمپ“ کا انعقادجامعہ محمودیہ اشرف العلوم کی لائبریری میں کیا گیا۔ جس میں بچوں کو عقائد، عبادات اور مسنون دعائیں سکھائی گئیں اور شریعت کے مطابق زندگی گزارنے کی ترغیب وتلقین کی گئی۔ گزشتہ شب شریک بچوں کا امتحان لیا گیا اور پوزیشن حاصل کرنے والوں کو امتیازی انعامات سے بھی نوازا گیا۔
نماز مغرب کے بعد شریک 127بچوں کا جائزہ لیکر ان میں سے 21بچوں کو منتخب کیا گیا۔ اس کے بعدان کا مقابلہ ہوا۔ جس میں پہلی پوزیشن ایک، دوسری پوزیشن ۲،اور تیسری پوزیشن ایک بچے نے حاصل کی۔ پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے محمد عبیدالرحمن سلمہ چمن گنج کو 3100/-روپئے اور ٹرافی اور دوسری پوزیشن حاصل کرنے والے محمد تابش کے ڈی اے کالونی جاجمؤ و عدین تبریز لاری اپارٹمنٹ جاجمؤ کو21-21سوروپئے کا نقد اور ٹرافی اور تیسری پوزیشن حاصل کرنے والے عادل حسینی پوکھر پور جاجمؤ کو 1100/-روپئے نقد اور ٹرافی انعام کے طور پر دیا گیا۔ سبھی شریک طلباء کو نقد وٹرافی وغیرہ تشجیعی انعام کے طور پر دیا گیا۔ دودن تک بچوں نے جامعہ محمودیہ میں مقیم رہ کر کئی نشستوں میں تربیت حاصل کی۔ الحمد للہ بچوں نے دو دنوں میں بتائے گئے بنیادی عقائد،نماز،پاکی وناپاکی وغیرہ کے بارے میں بہتر جوابات دئے۔ بچوں نے تحریری اور تقریری دونوں طرح سے مقابلہ جات میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیا اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ 
آخری نشست سے خطاب کرتے ہوئے ۲/روزہ کیمپ کے روح رواں، جامعہ محمودیہ اشرف العلوم کے ناظم مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء اترپردیش نے کہا کہ اسکول و کالج کے بچوں کو علماء، ائمہ اور مساجد سے قریب کرنا وقت کی اہم ترین ضرورت ہے، اس کے لئے کمیٹیوں کے ذمہ داران، متولیان اور ائمہ حضرات ہر مسجد کے تحت چھوٹے بچوں کیلئے الگ جگہ مختص کرنے پر غور کرنا چاہئے۔ مولانا عبداللہ نے کہاکہ یہی بچے ہمارا مستقبل ہیں، ان کو مساجد سے قریب کرنے کیلئے بہتر اور پرکشش نظام بنانے کی ضرورت ہے۔
تقسیم انعامات کی نشست سے خطاب کرتے ہوئے مولانا مفتی عبدالرشید قاسمی چیئر مین حق ایجو کیشن اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن کانپور نے بچوں کو پرسنالٹی اور ڈیولپمنٹ کے تناظر میں بتاتے ہوئے کہا کہ اپنے اندر کیسے نکھار پیدا کریں۔ زندگی کو بہتراور اسلامی طریقے سے گزارنے کے خاص طور سے کن کن چیزوں کو اختیار کریں اور کن باتوں سے گریز کریں۔ 
مولانا خلیل احمد مظاہری نے کہا کہ جہاں بھی تعلیم حاصل کریں۔ عصری علوم میں کامیابی کے منازل طے کرنے کے ساتھ ساتھ اس بات کو اپنے لئے لازم کرلیں کہ کسی نہ کسی بزرگ ہستی سے اپنا رابطہ قائم رکھیں گے تاکہ دین کے متعلق دل میں پیدا ہونے والے خلجان کا بروقت ازالہ ہوسکے۔
مولانا نورالدین احمد قاسمی نے بچوں کو اس بات پر مبارکباد دی کہ چھٹیوں کو قربان کرکے دین کی باتیں سیکھنے آئے۔ دوروز کہنے میں تو بہت کم وقت ہے لیکن یہ دوروز دین کی باتوں کو سیکھنے میں گزریں ہیں اس کا فائدہ پوری زندگی ملتا رہے گا۔ وقت وقت پر ایسے پروگراموں میں حصہ لیتے رہیں تاکہ دین کے بارے میں خاص خاص چیزوں کا علم ہوتا رہے۔ 
پروگرام کی نظامت مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی اور مولانا حذیفہ قاسمی نے بحسن وخوبی انجام دی۔ دوران نظامت وقفے وقفے سے بچوں کو قیمتی اور زندگی میں کام آنے والی ضروری باتیں بتائیں۔ اس بات پر زور دیا کہ اس پرآشوب دور میں اپنے ایمان کی حفاظت کیسے کریں۔ عصری علوم کا حصول دنیاوی کامیابی کے لئے ہے۔ محنت سے اونچے مقام پر پہنچیں مگر اسلام اور ایمان کے تقاضوں کو سمجھیں اور اخروی زندگی کو مدنظر رکھتے ہوئے زندگی گزاریں۔ اپنے کو اسلامی تعلیمات کا مجسم بنالیں تاکہ دیکھنے والا اور آپ سے باتیں کرنے والا محسوس کرے کہ آپ مسلمان ہیں اور اسلامی تعلیمات کتنی اچھی اور انسانیت کی فلاح وبہبود کے لئے کتنی ضروری اور کار آمد ہیں۔ 
پروگرام میں طلباء اور ان کے سرستوں کے علاوہ اہل محلہ اوراس کے علاوہ علماء کرام نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ کامیابی کے ساتھ پروگرام کرانے پر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی اور پوری ٹیم کو مبارک باد دی گئی۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر