Latest News

”ہندوستان میں یوم عرفہ کا روزہ آج، تکبیرات تشریق کاآغاز فجر سے“۔

کانپور: مدرسہ جامع العلوم جامع مسجد پٹکاپور کے زیر اہتمام محی الدین خسرو تاج کی سرپرستی میں جاری 9/روزہ پروگرام’فضائل و مسائل اور تاریخ قربانی‘ کے تحت مسجد گن فیکٹری وجے نگر اور مسجد گرین ہاؤس جاجمؤ میں اجلاس منعقد ہوئے۔ مسجد گن فیکٹری وجے نگر میں خطاب کرتے ہوئے مفتی محمد عاقب شاہد قاسمی نے کہا کہ حضرت محمدﷺ نے یوم عرفہ کے روزہ کے سلسلہ میں امید ظاہر کی ہے کہ اس سے اللہ تعالیٰ ایک سال پہلے اور ایک سال بعد کے گناہوں کا کفارہ بنا دے گا۔ انہوں نے بتایا کہ روایات کے مطابق پورے عشرہ کے متعلق بھی خصوصی اجرو ثواب کا ذکر ہے لیکن 9/ذی الحجہ کی اہمیت سب سے زیادہ ہے اور احادیث میں اسے اہمیت کے ساتھ بیان کیا گیا ہے۔ لیکن یاد رہے کہ عیدکے تین دن ہونے کے سبب 10/11/12/ ذی الحجہ کا روزہ ہو ہی نہیں سکتا، ان تاریخوں میں روزہ رکھنا حرام ہے، کیونکہ ان تین دنوں میں اللہ کی طرف سے اپنے بندوں کی مہمان نوازی ہوتی ہے۔ مفتی صاحب نے مسئلہ بتایا کہ روزہ رکھنے میں انسان جہاں موجود ہے وہاں کے وقت اور تاریح کا لحاظ کرنا ضروری ہوگا، اس لئے جو لوگ حرمین کے باہر ہیں وہ 9/ ذی الحجہ یعنی ہندوستان میں اپنے مقام اور تاریخ کے لحاظ سے یہاں کے عوام 16/ جون کو روزہ رکھیں گے۔
دوسری جانب مسجد گرین ہاؤس کے ڈی اے جاجمؤ میں خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد نعمان قاسمی نے عوام کو قربانی کے جانوروں کے سینگ سے متعلق احکامات، بڑے جانور میں عقیقہ، دانت نکلنے، نہ نکلنے سمیت دیگر مسائل سے تفصیل سے واقف کرایا۔ اس موقع پر مولانا نے تکبیرات تشریق سے متعلق بتاتے ہوئے کہا کہ تکبیرات تشریق 9/ ذی الحجہ کی فجر سے 13/ ذی الحجہ کی عصر تک ہر نماز کے بعد ایک مرتبہ کہنا واجب ہے۔ یہ حکم امام اور متقدی سب کیلئے ہے کہ وہ ایک مرتبہ بلند آواز سے یہ تکبیر کہیں۔ بعض لوگ تین مرتبہ یا اس سے بھی زیادہ بار کہتے ہیں، یہ ناپسندیدہ عمل ہے۔ مرد بلند آواز سے پڑھیں گے اور خواتین آہستہ آواز سے پڑھیں گی۔ ان تکبیرات کی بڑی اہمیت ہے۔ اجلاس میں کثیر تعداد میں عوام موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر