دیوبند: سمیر چودھری۔
سہارنپور شہر کی ممتاز شخصیت اور اسلامیہ شفا خانہ کے منیجر ڈاکٹر ریاض النبی 72 سال کی عمر میں انتقال کرگئے۔ ان کا انتقال آج صبح لکھنؤ کے ایک اسپتال میں علاج کے دوران دل کا دورہ پڑنے سے ہوا ہے۔ مرحوم اسلامیہ انٹر کالج روڈ پر واقع محلہ کھجورتلہ میں طویل عرصے سے طبی خدمات فراہم کر رہے تھے۔ ڈاکٹر ریاض النبی اردو، عربی، انگریزی اور سائنس میں مہارت رکھتے تھے۔ مرحوم اردو کے بڑے شیدائی تھے اور اردو میں مضامین لکھنا اور پڑھنا ان کا محبوب مشغلہ تھا۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے تعلیم مکمل کرنے والے مرحوم ڈاکٹر ریاض النبی بہت ملنسار، خوش اخلاق، حلیم اور خوش مزاج انسان تھے، وہ کئی بڑی یونیورسٹیوں میں مختلف موضوعات پر لیکچر دیا کرتے تھے، سماجی، تعلیمی اور اردو پروگراموں میں حصہ لیتے تھے۔ ان کے انتقال پر علماء، سماجی، سیاسی اور ادبی شخصیات نے گہرے رنج ولم کا اظہار کیا۔
0 Comments