اترپردیش کی حکومت میں سائنس اور تکنیکی محکمہ کے کابینی وزیر انل کمار نے کانوڑ یاترا کے راستوں بلکہ پورے صوبہ میں صوبائی وزیر اعلیٰ کی جانب سے جاری کئے جانے والے دکانوں ، ڈھابوں اورہوٹلوں، ریڑھی والوں وکھوکھوں والوں کے نام کے بورڈ و تختیاں لگائے جانے کے فرمان پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس حکم نامہ کے اعلان پر نظر ثانی کی جانی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ حکومت کا نہیں بلکہ انتظامیہ کا ہے۔ دیوبند میں اتوار کے روز گرو پورنیما کے موقع پر سدھ کٹی میں منعقدہ ایک پروگرام میں شرکت کے لئے آنے والے اترپردیش کی بی جے پی حکومت کے کابینی وزیر انل کمار نے کہا کہ کانوڑ یاترا سے متعلق جو تنازعہ کھڑا کیا جارہا ہے اس کا تعلق کسی خاص مذہب کے لوگوں سے نہیں ہے ، لیکن اس کے باوجود اس پر نظر ثانی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں اس اعلان کو تنازعہ کی شکل دے کر سیاست کررہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن پارٹیاں اس اعلان کو تنازعہ کی شکل دے کر سیاست کررہی ہیں جو ملک کے مفاد میں نہیں ہے۔ صوبائی کابینی وزیر انل کمار نے کہا کہ وہ اس بات کو مانتے ہیں کہ مذکورہ فرمان پر نظر ثانی ہونی چاہئے۔ انہوں نے کانوڑ یاترا سے متعلق اس متنازعہ حکم نامہ کو سرکاری فرمان ماننے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ضلع انتظامیہ کی جانب سے لیا گیا فیصلہ ہے، کیوں کہ ابھی تک حکومت کے کسی وزیر نے اس طرح کا کوئی بیان نہیں دیا ہے، لیکن پھر بھی ان کا مطالبہ ہے کہ اس جاری فرمان پر نظرثانی کی جانی چاہئے۔
0 Comments