چھترپتی سمبھاجی نگر: ہندو مذہبی رہنما رام گیری مہاراج کے پیغمبر محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور اسلام کے خلاف کئے گئے مبینہ قابل اعتراض ریمارکس پر جمعہ کے روز ایک تنازعہ کھڑا ہوگیا، مسلم کمیونٹی کے ارکان کی شکایات کے بعد مہاراشٹر کے دو اضلاع میں پولیس نے ان کے خلاف مقدمات درج کئے۔
پولیس نے کہا کہ رام گیری مہاراج نے حال ہی میں ناسک ضلع کے سنار تعلقہ کے شاہ پنچلے گاؤں میں ایک مذہبی تقریب کے دوران یہ تبصرہ کیا تھا اور اس کا ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوا تھا۔
ان کے تبصروں پر تنازعہ کے درمیان، چیف منسٹر ایکناتھ شندے نے جمعہ کو ناسک ضلع میں ایک پروگرام کے دوران مذہبی رہنما کے ساتھ ڈائس شریک کیا، اور انہیں "سنت” کہا، جب کہ وزیر گریش مہاجن اور احمد نگر کے سابق ایم پی سوجے ویکھے پاٹل نے ان کے پاؤں چھوئے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے، احمد نگر ضلع کے شریرام پور تعلقہ میں سرلا بیت دھام کے مہنت رام گیری مہاراج نے اپنے متنازعہ ریمارکس کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ وہ بنگلہ دیش میں ہندوؤں کے خلاف ہو رہے مظالم کے جواب میں تھے، اور ان کا مقصد ہندوؤں کو متحد کرنا تھا۔ ۔
مراٹھی نیوز چینل اے بی پی ماجھا سے بات کرتے ہوئے ان کے بیان سے متعلق تنازعہ پر، انہوں نے کہا، "ہندوؤں کو چوکنا رہنا چاہیے۔ میں نے جو چاہا بول دیا ہے۔ میں اس پر قائم ہوں اور میں اس کے نتائج بھگتنے کے لیے تیار ہوں۔‘‘
آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے رہنما امتیاز جلیل نے دعویٰ کیا کہ رام گیری مہاراج کے تبصرے سیاسی سازش کا حصہ تھے اور ان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا۔
پولیس نے رام گیری مہاراج کے خلاف ناسک کے ییولا اور چھترپتی سمبھاج نگر اضلاع کے بیجاپور میں مقدمات درج کیے ہیں۔
پولیس نے بتایا کہ بیجا پور میں ایف آئی آر ،بی این ایس کی دفعہ 302 (کسی بھی شخص کے مذہبی جذبات کو مجروح کرنے کے ارادے سے الفاظ کہنا) کے تحت ایک مقامی باشندے کی درج کرائی گئی شکایت کی بنیاد پر درج کی گئی تھی۔
کیس میں شکایت کنندہ رفیع حسن علی خان نے کہا کہ انہیں رام گیری مہاراج کی ویڈیو کے بارے میں معلوم ہوا جس میں انہیں یہ کہتے ہوئے سنا گیا کہ ایک کروڑ مسلمانوں نے اسلام چھوڑ دیا ہے اور پیغمبر اسلام کے خلاف تبصرہ بھی کیا ہے۔رام گیری مہاراج کے ان الفاظ نے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچائی ہے اور دونوں فرقوں کے درمیان دراڑ پیدا کی ہے،‘‘ شکایت کنندہ نے کہا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر کے ایک حصے میں جمعہ کی دوپہر کو کچھ وقت کے لیے اس وقت کشیدگی برقرار رہی جب مسلمانوں کے ایک گروپ نے سٹی چوک پولیس اسٹیشن کے باہر رام گیری مہاراج کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔
اُدھر، ریاست کے سابق وزیر اور مہاراشٹر کانگریس کےرہنمانسیم خان نے رام گری مہاراج کے اس بیان کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ نبیٔ پاک کی شان میں گستاخی کرنے والے رام گری مہاراج کو فوری طور پر گرفتار کرکے ان کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔
نسیم خان نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ناسک ضلع میں رام گری مہاراج کے ساتھ ایک پروگرام میں شریک ہوکر یہ ثابت کر دیا ہے کہ وہ فرقہ پرستی کی حمایت کرتے ہیں۔
0 Comments