دہلی: مکتب ابوبکر صدیق، مدینہ مسجد، اندھیریا موڑ، دہلی میں فکر ملت فاؤنڈیشن کی جانب سے ختم نبوت کوئز کا انعقاد کیا گیا، جس میں حصہ لینے والے تمام بچے امتحانی مراحل سے گزر کر اپنے اپنے انعامات سے نوازے جائیں گے۔
اس موقع پر فاؤنڈیشن کے نائب صدرِ مولانا شکیل احمد قاسمی نے تمام بچوں کو عقیدۂ ختم نبوت کو سمجھاتے ہوئے حلف لیا کہ "ہم صدق دل سے اقرار کرتے ہیں کہ محمد صلی اللہ علیہ وسلم خاتم النبیین ہیں، اور اللہ تعالیٰ کے آخری نبی اور رسول ہیں، اب قیامت تک کوئ نیا نبی نہیں آئیگا، جو کوئ بھی نبوت کا دعوی کریگا وہ کافر، زندیق اور مرتد ہوگا۔"
اِس موقع پر مفتی آفتاب عالم قاسمی صدر فکرِ ملت فاؤنڈیشن نے تمام بچوں کو مخاطب کر کے کہاکہ مرتے دم تک ہمیں اپنے ایمان و عقیدے کو سلامت رکھنا ہے، اگر کوئ ہم سے ہمارے ایمان کا سودا کرے گا تو اسے منہ توڑ جواب دیکر اپنے ایمان کو مزید مضبوط کرنا ہے۔ تمام بچوں نے مکتب کے نگراں قاری محمد جاوید کی موجودگی میں بیک زبان ہو کر لبیک کہا اور اپنی اپنی تیاریوں میں منہمک ہوگئے۔
یاد رہیکہ فکر ملت فاؤنڈیشن دہلی میں مستقل مکاتب دینیہ کے قیام کو لیکر سر گرداں ہیں تاکہ امت میں پھیلنے والے فتنوں سے ننھے منھے بچوں کو محفوظ رکھا جا سکے، اور ان کی ذہنی تربیت کی جا سکے۔
موجودہ دور میں ایمان پر ڈاکہ ڈالنے والے قادیانی و شکیلی ہر لمحہ اپنی محنتوں میں اضافہ کر رہے ہیں اور مسلمانوں کو مرتد بنانے میں ہر لمحہ کوشش کر رہے ہیں، مگر مسلمان دین سے دور غفلت میں ہیں جس کی وجہ سے ملعونوں کو ان کے ایمان کو ختم کرنے کا موقع فراہم ہو رہا ہے، آئیے ہم سب ملکر ایمان و عقیدے کی محنت کریں، تاکہ روز محشر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی شفاعت کے حق دار بن سکیں۔
0 Comments