دیوبند: سمیر چودھری۔
عالم اسلام کی ممتاز دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند کے مہتمم و شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے حکومت کے ذریعہ لائے گئے وقف ترمیمی بل 2024 کو وقف کے تحفظ، اس کے مقاصد اورا نتظامی ہیئت کو نقصان پہنچانے والا بتاتے ہوئے ملت اسلامیہ ہند سے جے پی سی کو اپنی رائے بھیج کر اس بل کی مخالفت کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ حکومت کے سامنے یہ واضح ہوسکے کہ موجودہ وقف قانون کافی ہے ،جس میں اس بل کی کوئی ضرورت نہیں ہے اور یہ بل وقف کے مقاصد کو نقصان پہنچانے والاہے۔
آج یہاں ملت اسلامیہ کے نام جاری اپیل میںمولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہاکہ وقف اسلام کا ایک اہم ترین عمل ہے اور مالی عبادت ہے، اس کی حفاظت پوری ملت اسلامیہ کا فریضہ ہے، اس وقت مرکزی حکومت جو وقف ترمیمی بل ۴۲۰۲ءلائی ہے، جس کو لوک سبھا میں پیش کیا گیا ہے اور مختلف ممبران کے اعتراض پر
JPC
کے حوالہ کر دیا گیا ہے، اس نے تمام لوگوں سے اس بارے میں رائے طلب کی ہے۔ یہ بل پوری طرح وقف کے تحفظ ، اس کے مقاصد اور انتظامی ہیئت کو نقصان پہنچانے کے لئے بنایا گیا ہے اور اس سے بہت سنگین نقصانات کا اندیشہ ہے، اس لئے آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ اور تمام ملی تنظیمیں حکومت سے اس بل کو واپس لینے کا مطالبہ کر رہی ہیں، جے پی سی نے بھی تنظیموں اور افراد سے ان رائے طلب کی ہے۔آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے اخبارات اور سوشل میڈیا کے ذریعہ جے پی سی کا ای میل ایڈریس اور اپنے مطالبہ کا مختصر مضمون جاری کیا ہے اور اس میں بار کوڈ بھی ڈال دیا گیا ہے ، تاکہ لوگوں کو سہولت ہو، نیز اس کے استعمال کے لئے بورڈ کی سوشل میڈیاڈیسک نے ایک صوتی ویڈیو بھی جاری کیا ہے، اس سے بھی استفادہ کیا جا سکتا ہے۔
مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے کہاکہ میں تمام برادران اسلام سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ آل انڈیا مسلم پرسنل بورڈ کی ہدایت کے مطابق اس فارمیٹ کے ذریعہ زیادہ سے زیادہ JPCکو اپنی رائے بھیجیں اور واضح کر دیں کہ موجودہ وقف قانون کافی ہے، اس لئے اس نئے بل کی ضرورت نہیں ہے اور یہ وقف کے مقاصد کے لیے نقصاندہ ہے۔
0 Comments