Latest News

لکھنو میں دارالعلوم فیض محمدی کے تین طلباء نے صوبائی مسابقہ جیت کر ضلع کا نام روشن کیا۔

مہراج گنج (نمائندہ)
امیر الدولہ اسلامیہ انٹر کالج لال باغ لکھنو کے زیر اہتمام صوبائی سطح کے منعقدہ مسابقاتی پروگرام میں دارالعلوم فیض محمدی ہتھیاگڈھ کے تین ہونہار طلبہ نے ممتاز ونمایاں مقام حاصل کیا ہے، واضح رہے کہ دارالعلوم کے طلباء نے اپنی دیرینہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ،اس مرتبہ بھی ڈگری گروپ کے اردو تقریر میں پہلی پوزیشن محمدفرحان ،سینئر گروپ میں اردو تقریر میں محمد سرفراز، اور انگلش تقریر میں روشن جمیل نے تھرڈ پوزیشن حاصل کرکے ادارہ کے ساتھ ساتھ ضلع کا نام روشن کیا ہے، جس پر بانی ادارہ مولانا قاری محمد طیب قاسمی ، ناظم اعلیٰ مولانا سعد رشید ندوی اورمہتمم مولانا محی الدین قاسمی ندوی نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے انہیں مبارکباد پیش کی ہے۔

  مسابقہ سے جیت کر واپسی کے بعد آج دارالعلوم فیض محمدی کی مسجد ” النور ،، میں فاتح ٹیم کے اعزاز میں ایک استقبالیہ پروگرام رکھا گیا ،جس کی صدارت سربراہ اعلیٰ مولانا قاری محمد طیب قاسمی نے فرمائی جب کہ نظامت کے فرائض مفتی احسان الحق قاسمی نے انجام دیئے۔ 
 سربراہ اعلیٰ نے اپنے صدارتی خطاب میں سب سے پہلے اپنے تمام مہمانان کرام بالخصوص ڈاکٹر ولی اللہ ندوی رکن شوریٰ دارالعلوم فیض محمدی، مولانا الطاف احمد ندوی، صدر جمعیة علماءمہراج گنج، صحافی حافظ عبید الرحمٰن الحسینی و مولانا شفیع اللہ قاسمی کی تشریف آوری پر صمیم قلب سے شکریہ اداکیا،اس کے بعد آپ نے کہا کہ، آج ادارہ کا سر فخر سے اونچا ہے، کہ اس کے طلباء کے بہترین مظاہرے کے سبب انہیں تمغہ امتیاز، و ٹرافی عطا کی گئی ہے، ہم چاہتے ہیں کہ ہر طالب علم اسی طرح محنت کرے اور پوزیشن لاکر اپنا اور اپنے ادارہ کا نام روشن کرے، بعدازاں امتیازی پوزیشن لانے والے تمام طلباء کو گلوں کاہار پہنا کر ان کی تکریم واستقبال کیا گیا اور سربراہ اعلیٰ کی طرف سے نقدی انعامات سے بھی نوازا گیا۔
ڈاکٹر ولی اللہ ندوی نے صوبائی سطح کے مقابلے میں طلباء کی نمایاں کامیابی پر نہ صرف انہیں مبارکباد پیش کی، بلکہ طلباء کی گل پوشی کرتے ہوئے انہیں پند ونصائح سے بھی نوازا: آپ نے اپنے خطاب میں تعلیم ومدارس اسلامیہ کی اہمیت پر بھر پور روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ، آج تعلیم یافتہ قومیں ہی کامیاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یقینا اس قسم کے پروگرام کے انعقاد سے قوم کے نونہالوں کی خوابیدہ صلاحیتو ں کو اجاگر کرنے کے علاوہ ان میں خود اعتمادی کا جذبہ پیدا کرنے کا موقع ملتا ہے۔

 جمعیة علماء مہراج گنج کے صدر مولانا الطاف احمد ندوی اپنے تاثرات میں کہا کہ مسابقہ میں طلباء کی پوزیشن وار کامیابی سے ادارہ کے معیارتعلیم اور بہترین تربیت کااندازہ ہر ایک نے لگالیا ہوگا۔ اس پر ادارہ کے جملہ اساتذہ کرام کاتہ دل سے شکریہ اور انہیں مبارکباد پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ : وقتی کامیابی پر خوشی کے اظہار سے اچھا یہ ہے کہ آپ اپنے اندر دائمی صلاحیت ولیاقت پیدا کرنے کی کوشش کریں ، تاکہ ہر میدان میں آپ فتح وکامرانی کا علم بلند کرسکیں۔ 
ادارہ کے مہتمم مولانا محی الدین قاسمی ندوی ، و شعبہ عربی کے استاذ ڈاکٹر محمد اشفاق قاسمی نے ادارہ کے طلباءکو صوبائی سطح کے مقابلہ میں نمایاں کامیابی پر اپنی دعاوں سے نوازا اورکہا کہ ایسے وقت میں ہمارے ادارہ کے طلباء کا مسابقہ میں پوزیشن حاصل کرنا یہ یقینا ہمارے لئے بڑی سعادت کی بات ہے ۔
  اس موقع پر مولانا محمد سعید قاسمی، مولانامحمد صابر نعمانی، مولانا شکراللہ قاسمی ، مولاناظل الرحمان ندوی ، مفتی وصی الدین قاسمی، ماسٹر محمد عمر خان ، حافظ زید احمد ، قاری ذبیح اللہ، ماسٹر فیض احمد ، ماسٹر جاوید احمد، حافظ ذبیح اللہ ، ماسٹر صادق علی کے علاوہ تمام طلباءموجودتھے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر