Latest News

خطبۂ جمعہ میں سیرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم کو عنوان بنائیں، جمعیۃ علماء ہند کی سبھی صوبائی، ضـلعی اور مقامی یونٹوں کے صدور و نظما حضرات اور ائمہ کرام و ذمہ داران مساجد کی خدمت میں خصوصی گزارش۔

محترم جناب دامت برکاتہم 
السلام علیکم و رحمۃ اللہ و برکاتہ  
 آقائے نامدار ، افضل الانبیا، ہادیٔ عالم پیغمبر اسلام حضـرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم تمام دنیا کے انسانوں کے لیے سراپا رحمت بنا کر بھیجے گئے ۔ آؑپ کی ذات اقدس وہ آفتا ب ہدایت تھی جس سے لاکھو ں چراغ قیامت تک روشن ہوتے رہیں گے اور دنیا کی چیزیں ان کی روشنی سے منور ہوں گی ۔ بلاشبہ آپ کی ذات سے انسانیت کی عظمت قائم ہوئی ، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی پوری زندگی مودت و رحمت ، شفقت و دلداری اور حسن اخلاق کی آئینہ دار رہی ہے ۔
 موجودہ حالات سے آپ حضرات بخوبی واقف ہیں :اسلام کے دشمن اپنی بدبختانہ افکار کی وجہ سے شان اقدسﷺ میں گستاخی کرکے پوری انسانیت کے لیے رسوائی کا باعث بن رہے ہیں اور خود کو ذلت و نکبت کی عمیق گہرائی میںد ھکیل رہے ہیں۔ اس موقع پر یہ ہماری ذمہ داری ہے کہ سیرت حسان بن ثابت ؓکی راہ عشق پر چلتے ہوئے مسجدوں کے منبر و محراب سے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عظمت و رفعت کو بیان کیا جائے اور سیر ت کے انسانی و اخلاقی پہلوؤں کو اجاگر کرتے ہوئے دنیا کو مثبت اور حقیقی پیغام سے روشناس کرایا جائے ۔
 اس لیے تمام ائمہ کرام اور ذمہ داران مساجد سے خصوصی گزارش ہے کہ کل یوم جمعہ ( بتاریخ ۱۱؍ اکتوبر ۲۰۲۴ء) کویوم رحمت ﷺکے طور پر منائیں اور خطبہ میں سیرت پاک صلی اللہ علیہ وسلم کو موضوع بنائیں اور ملک کے امن و امان اورملت اسلامیہ ہند کی عظمت رفتہ کے لیے بارگاہ رب العلمین میںدعا کا بھی اہتمام کریں ۔ جمعیۃ علمائے ہند کے صوبائی ، ضلعی اور مقامی یونٹوں کے صدور ونظما حضرات سے بھی گزارش ہے کہ اپنے حلقۂ اثر کی مساجد کے ذمہ داروں کو متوجہ کریں۔

    والسلام
  
    محمود اسعد مدنی 
    صدر جمعیۃ علما ء ہند 
      ۱۰؍اکتوبر ۲۰۲۴ء مطابق ۶؍ ربیع الثانی ۱۴۴۶ھ

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر