دیوبند:سمیر چودھری۔
ضلع کے اعلیٰ افسران نے آج عالمی شہرت یافتہ دینی درسگاہ دارالعلوم دیوبند پہنچ کر ادارہ کے ذمہ داران سے ملاقات کی اور تہواروں کے سیزن میں ملک بھر میں آپسی بھائی چارے اور ہم آہنگی کو فروغ دینے کے لئے اپیل کرنے کی بات کہی۔
آج جمعرات کے روز دارالعلوم دیوبند میں پہنچے ڈی ایم سہارنپور منیش بنسل اور ایس ایس پی سہارنپور روہت سنگھ سنجوان نے ادارہ کے مہمان خانہ میں جمعیۃ علماء ہند کے صدر و صدر المدرسین مولانا سید ارشد مدنی، نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی اور رکن شوریٰ مولانا انوارالرحمن بجنوری و دیگر اساتذہ سے ملاقات کی۔
یتی نرسمہانند کے ذریعہ شانِ رسالت میں دیئے گئے متنازعہ بیان کو لیکر اس وقت ملک بھر کے مسلمانوں میں شدید غم وغصہ پایا جارہاہے، گزشتہ دنوں سہارنپور سے متصل واقع شیخ پورہ قدیم میں ہوئے ہنگامہ اور تہواروں کو لیکر ضلع انتظامیہ اس وقت پوری طرح الرٹ ہے، جس کی وجہ سے انتظامی افسران مسلسل شانتی سمیتی کی میٹنگیں کرنے کے ساتھ سرکردہ مذہبی شخصیات سے ملاقات کرکے لوگوں سے آپسی بھائی چارے کو مضبوط بنائے رکھنے کی اپیل کررہے ہیں۔
اسی کے تحت آج ضلع کے اعلیٰ افسران ڈی ایم منیش بنسل اور ایس ایس پی روہت سنگھ سنجوان دارالعلوم دیوبند پہنچے اور جمعیۃ علماءہند کے صدر و صدرالمدرسین مولانا سید ارشد مدنی، نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی اور مجلس شوریٰ کے رکن مولانا انوار الرحمن بجنوری و دیگر علمائے کرام سے ملاقات کی۔ اس دوران انہوں نے دارالعلوم دیوبند میں دی جانے والی تعلیم و تربیت، طلبہ کی رہائش سمیت دیگر انتظامات کے بارے میں بھی معلومات حاصل کی، اس دوران افسران نے دارالعلوم دیوبندکی تاریخ، خدمات اور ملک کی آزادی میں دی گئی علماء دیوبند کی قربانیوں کے سلسلہ میں بھی گفتگو کی۔ افسران نے ذمہ داران سے موجودہ حالات پر گفتگو کرتے ہوئے لوگوں سے آپسی بھائی چارے کو مضبوط بنانے کی اپیل کرنے پر زرو دیا۔
اس موقع پر ذمہ داران نے افسران کو ادارہ کی زریں تاریخ اور طلبہ کودی جانے والی تعلیم وتربیت کے سلسلہ میں تفصیل سے بتایا اورکہاکہ دارالعلوم دیوبند کی جانب سے ہمیشہ ملک میں آپسی ہم آہنگی کومضبوط کرنے کا پیغام دیا جاتاہے۔ اس موقع پر ادارہ کے سینئر استاذ حدیث مولانا سلمان بجنوری، مولانا خضر محمد کشمیری، جامع مسجد کلاں سہارنپور کے منیجر مولانا فرید مظاہری، مفتی ریحان قاسمی، مولانا مقیم الدین، مولوی شہزاد قاسمی، ایس ڈی ایم انکور ورما، سی او روی کانت پراشر اور کوتوالی انچارج سنجیو کمار سمیت دیگر موجود رہے۔
0 Comments