Latest News

گستاخ رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی گرفتاری کے ساتھ سخت سے سخت سزا دیا جانا ضروری: مولانا ارشد مدنی، ہم امید کرتے ہیں اس اہم معاملے میں سپریم کورٹ ازخودنوٹس لے کر اس بدبخت کے خلاف قانونی کاروائی کا حکم جاری کرے گی۔

نئی دہلی: صدر جمعیۃ علماء ہند مولانا ارشد مدنی نے کہا کہ یتی نرسنگھا نند کی جانب سے شان رسالت صلی اللہ علیہ وسلم کے خلاف ناقابل برداشت اور شرمناک گستاخیاں کی گئی ہیں ویڈیو میں جو باتیں اس نے کہی ہیں وہ ناقابل ذکر اور ناقابل برداشت ہیں ان باتوں سے پوری دنیا کے مسلمانوں کے مذہبی جذبات کو سخت ٹھیس پہنچی ہے مولانا مدنی نے اسے قومی سالمیت کے لیے خطرہ قرار دیتے ہوئے فوری قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا ہے مولانا مدنی نے یہ بھی کہا کہ ملک کے مختلف مقتدرشخصیات کی خاموشی اور گستاخی کرنے والوں کی گرفتاری کا نہ ہونا وہ اسباب ہیں جنہوں نے ساری دنیا میں ملک کی شبیہ کو خراب کیا ہے حکومت اور ایجنسیوں کی خاموشی یہ بتا رہی ہے کہ شدت پسند لوگوں کو سیاسی پشت پناہی حاصل ہے اور کسی کاروائی کے نہ ہونے سے شر پسندعناصر کو یقین ہو چلا ہے کہ قانون کے ہاتھ ان کی گردنوں تک نہیں پہنچ سکتے کیونکہ ان کی سرپرستی کرنے والے اقتدار میں موجود ہیں۔
 مولانا مدنی نے کہا کہ ہم ایک بار پھر حکومت سے کہتے ہیں کہ جس بدبخت نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی شان میں گستاخی کی ہے ان کو فورا گرفتار کیا جانا چاہیے اور قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دی جائے تاکہ مستقبل میں پھر کوئی ایسا کرنے کی جرات نہ کر سکے، نیز پورے دنیا کے مسلمانوں کو سکون و اطمینان میسر ہو سکے ۔انہوں نے اخیر میں کہا کہ یتی نرسنگھا نند کے خلاف صرف رپورٹ درج ہونا کافی نہیں بلکہ ملک میں نقض امن جیسی سخت دفعات کے تحت گرفتاری ضروری ہے۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ حکومت اس انتہائی افسوس ناک معاملے کے انجام کو سمجھتے ہوئے بدبخت کو قانون کے مطابق سخت سے سخت سزا دلوا کر جیل بھجوائے گی تاکہ پوری دنیا کے لوگ ہندوستان کی جمہوریت کو قدر کی نگاہ سے دیکھ سکیں۔
واضح رہے کہ ہیٹ سپیچ کے خلاف جمعیۃ علماء ہند4جنوری 2022 کو آئین کی دفعہ 32 کے تحت سپریم کورٹ میں جا چکی ہے جس کا ڈائری نمبر 691/2022ہے۔جس پر اب تک کئی سماعتیں ہوچکی ہیں۔ہم امید کرتے ہیں اس اہم معاملے میں سپریم کورٹ ازخودنوٹس لے کر اس بدبخت کے خلاف قانونی کاروائی کا حکم جاری کرے گی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر