Latest News

آن لائن نظام ِ تعلیم نئی نسل تک دین پہنچانے میں کارگر ثابت ہوگا: مفتی ابوالقاسم نعمانی، تربیت سازی اس نظام کی بہت اہم کڑی ہے: مولانا بدرالدین اجمل۔ دیوبند میں مرکز آن لائن مدرسہ کے افتتاح کے موقع پر دو روزہ قومی سیمینار منعقد۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
مرکز المعارف ایجوکیشن اینڈ ریسرچ سینٹر ممبئیکے زیر اہتمام منعقد دوروزہ قومی سیمینار کے دوران مرکز آن لائن مدرسہ (انگلش میڈیم ) کے نصاب و نظام کے سلسلے میں بحث و تمحیص اور مرکز آن لائن مدرسہ کا افتتاح سرزمین دیوبند میں دارالعلوم دیوبند کے سایہ اور اکابر کی سرپرستی میں عمل میں آیا۔ اس دوران اکابرین علماءکرام بالخصوص دارالعلوم دیوبند کے مہتمم و شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی اور ادارہ کے بانی وسرپرست مولانا بدرالدین اجمل نے نہ صرف اس نظام تعلیم کی تائید کی بلکہ اپنے قیمتی پندونصائح سے نوازتے ہوئے اس نظام تعلیم کے استحکام کے لئے پوری ٹیم کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے انہیں دعائیں دی۔ اس دوران مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی اور مولانا بدرالدین اجمل قاسمی نے کلک کرکے مرکز آن لائن مدرسہ کی ویب سائٹ کاافتتاح کیا۔ 
صدارتی خطبہ میں مولانا مفتی ابوالقاسم نعمانی نے مرکز المعارف کی تعلیمی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے نئے نظام تعلیم و نصاب کے حوالہ سے قیمتی مشورے دیئے اور کہاکہ اب کالج اور یونیورسٹیوں میں زیر تعلیم بچوں تک دینی تعلیم کی رسائی آسان ہوگی اور اس نقطہ نظر سے یہ بہت ہی اہم قدم ہے، جس کا ایک منظم نصاب و نظام بنایاگیا ہے، مرکز المعارف ایک منظم ادارہ ہے جس میں مستند علماءکرام کی زیر نگرانی انگلش میڈیم سے نئی نسل تک دین اسلام صحیح طورپر پہنچے گا اور یہ ایک مفید نظام ثابت ہوگا۔ ادارہ کے بانی و سرپرست اور سابق رکن پارلیمنٹ مولانا بدرالدین اجمل قاسمی نے تربیت سازی پر خصوصی توجہ دینے پر زور دیتے ہوئے نظام تعلیم اور نصاب کو مستحکم بنانے کے ساتھ نظام ِ زندگی کو شریعت کے مطابق ڈالنے کی سعی کرنے کی نصیحت کی اور کہاکہ اس نظام کا مقصد صرف علم نہیں بلکہ تربیت اس کی ایک بہت ہی اہم کڑی ہے۔ انہوں نے مزید اپنی قیمتوں نصیحتوں سے نوازا اور ادارہ کے ذمہ داران کی کوششوں کی ستائش کرتے ہوئے اس نئے نظام کی کامیابی کے لئے دعائیں دی۔ 
مرکز المعارف ایجو کیشن ینڈ ریسرچ سینٹر کے ڈائریکٹر مولانا محمد بر ہان الدین قاسمی نے اپنے خطاب میں شرکاء، معاونین اور مرکز کے فضلاء و پوری ٹیم کاشکریہ اداکرتے ہوئے مرکز کے حوالہ سے مولانا بدرالدین اجمل کی خدمات پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے آن لائن مدرسہ کے نظام و نصاب کے حوالہ سے بتایا کہ یہ پانچ سالہ کورس مدرسے کے نہج پرشریعت کی مستند تعلیم پر مشتمل ہے۔ اس کا نصاب و تدریسی زبان انگریزی ہے۔ اس کورس میں انگریزی زبان سے واقف 15 سال سے زائد عمر کے وہ لوگ جو کسی وجہ سے یا اپنی مشغولیت کی بنیاد پر مددرسے نہیں جاسکتے، دنیا کے کسی بھی حصے سے شرکت کر سکتے ہیں اور عالمیت کا کورس گھر بیٹھے مکمل کر سکتے ہیں۔ اس کورس کا واحد مقصد معتبر اسلامی تعلیمات کو جدید ٹکنالوجی کو استعمال کرتے ہوئے تمام طبقوں تک پہنچانا ہے۔ اس انگلش میڈیم مدرسے کے تحت دنیا بھر میں گھر بیٹھے خواہش مند لوگوں کو روایتی طریقوں سے ہم آہنگی کے ساتھ جدید طرز تدریس کے ذریعہ مختصر مدت میں مستند اور معیاری اسلامی تعلیم فراہم کی جائے گی۔ اس کے ذریعہ انھیں قرآن و سنت کو سمجھنے اور شریعت مطہرہ پر عمل پیرا ہونے میں مدد ملے گی۔ سیمینار میں تمام شرکاءنے ’مرکز آن لائن مدرسہ‘ کے اس خاکہ کو سراہا اور مجموعی طور پر اس کے نصاب و نظام کو منظوری دی۔ آخری سیشن میں حضرات اکابر کے سامنے مرکز آن لائن مدرسہ‘ کے پورے خاکہ کو پیش کرکے اس کا افتتاح عمل میں آیا۔
اس دوران نائب مہتمم مولانا عبدالخالق مدراسی، نائب مہتم مفتی راشد اعظمی، مولانا شوکت علی بستوی، مولانا محمود حسن راجستھانی، مولانا مزمل علی قاسمی آسامی، مولانا سلمان بجنوری، ڈاکٹر نواز دیوبندی، مولانا منیر الدین قاسمی، مولانا عتیق الرحمن قاسمی، مولانامدثر احمد قاسمی، شمس تبریز قاسمی، مولانا توقیر احمد قاسمی، مفتی محمد اللہ خلیلی امینی نے دین اسلام کی نشرو اشاعت میں جدید ٹکنالوجی کے استعمال کے طریقہ کار اور عصر حاضر کے چیلنجز کے عنوان پر پرُ مغز خطاب کے دوران نئے نظام تعلیم کی اہمیت وضرورت پر مفصل انداز میں روشنی ڈالی۔ آخر میں مولانا صداقت قاسمی نے سبھی کا شکریہ اداکیا۔ پروگرام کی نظامت کے فرائض دارالعلوم دیوبند کے شعبہ انگریزی کے استاذ و نگراں مولانا توقیر احمد قاسمی کاندھلوی نے انجام دیئے۔ استاذ حدیث مولانا سلمان بجنوری  نقشبندی کی دعاءپر یہ دو روزہ قومی سیمینار اختتام پذیر ہوا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر