Latest News

ڈاکٹر نواز دیوبندی کی شخصیت پر پی ایچ ڈی کی منظوری، چودھری چرن سنگھ یورنیورسٹی کے طالبعلم محمد ہارون نواز دیوبندی کی شاعری پر اپنا پی ایچ ڈی کا تحقیقی مقالہ ترتیب دینگے۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
عالمی شہرت یافتہ شاعر ڈاکٹر نواز دیوبندی سے محبت کرنے والوں اور ان کے چاہنے والوں کے لئے یہ خبر باعث خوشی و مسرت ہے کہ چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی میرٹھ یو پی نے محمد ہارون نام کے طالب علم کو ڈاکٹر نواز دیوبندی کی شاعری اور شخصیت پر باقاعدہ پی ایچ ڈی کرنے کے لئے منظوری دی ہے۔ محمد ہارون چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی کے شعبہءاردو کے صدر اور معروف اسکالر ڈاکٹر اسلم جمشید پوری کے زیر نگرانی اپنا پی ایچ ڈی کا تحقیقی مقالہ ترتیب دیں گے۔
محمد ہارون 2017 میں ڈاکٹر محمد آصف خان کے زیر نگرانی ڈاکٹر نواز دیوبندی پر اپنا ایم اے کا مقالہ لکھ کر گوتم بدھ یونیورسٹی نوئیڈا سے پوسٹ گریجویشن کی ڈگری حاصل کر چکے ہیں۔ واضح رہے کہ ماہر تعلیم اور عالمی شہرتوںکے حامل ڈاکٹر نواز دیوبندی نے شعر و سخن کی دنیا میں اپنے عام فہم،سادہ اور پر کشش لب و لہجے سے نئے چراغ روشن کئے ہیں وہ اردو اور ہندی دونوں حلقوں میں برابر مقبول اور ہر دل عزیز ہیں، ان کی غزل عوام و خواص دونوں طبقوں میں پسند ہی نہیں کی جاتی بلکہ قدر کی نگاہ سے دیکھی جاتی ہیں۔ ڈاکٹر نواز دیوبندی اپنی شاعر برادری میں ایک اور وجہ سے بھی ممتاز حیثیت کے حامل ہیں کہ انھوں نے تعلیمی میدان اور خاص طور پر لڑکیوں کی تعلیم کے لئے ماڈرن ایجوکیشن کے متعدد معیاری ادارے قائم کرکے ایک قابل قدر کارنامہ انجام دیا ہے۔ ڈاکٹر نواز دیوبندی کو قدرت نے مقبولیت ہی نہیں محبوبیت سے سرفراز کیا ہے، پچھلے دنوں ڈاکٹر نواز دیوبندی کی زندگی اور ان کی ادبی اور تعلیمی خدمات پر ڈاکٹر الف ناظم نے دنیا کے معروف ادیبوں اور شاعروں کے قیمتی مضامین یکجا کر کے "ذرہ نوازی" کے نام سے ایک دستاویز ترتیب دی تھی اب ڈاکٹر اسلم جمشید پوری صدر شعبہءاردو چودھری چرن سنگھ یونیورسٹی میرٹھ کے زیر نگرانی محمد ہارون کی پی ایچ ڈی کا یہ تحقیقی مقالہ ان کی ذاتی زندگی، شاعرانہ عظمت اور تعلیمی خدمات پر سیر حاصل بحث کر کے ان کی شخصیت کے علمی اور ادبی خد و خال کو نئی بلندیاں عطا کرے گا، اللہ ان کی عمر دراز کرے کسی فنکار کے جیتے جی اس کی زندگی میں یہ حوصلہ افزائی اور پذیرائی اس کی خوش نصیبی اور بہت بڑا اعزاز ہے۔
نواز دیوبند ی کی اس کامیابی پر معروف مصنف ڈاکٹر عبید اقبال عاصم، مسلم فنڈ دیوبندکے منیجر سہیل صدیقی، سابق چیئرمین انعام قریشی، قلمکار سید وجاہت شاہ، ڈاکٹر شمیم دیوبندی، ماسٹر شمیم کرتپوری، ممتاز احمد، صحافی ڈاکٹر شاہد زبیری، شبیر شاد، اشرف عثمانی، سمیر چودھری، عارف عثمانی، فہیم اختر صدیقی، فیروز خاں اور ڈاکٹر مہتاب آزاد وغیرہ نے مبارکباد پیش کرتے ہوئے خوشی کااظہارکیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر