عظیم دینی دانش گاہ دار العلوم وقف دیوبند میں موسم سرما کے مدنظر آج طلبہ کے ما بین لحاف تقسیم کئے گئے۔ اس موقع پر ادارہ کے روح رواں ومہتمم مولانا محمد سفیان قاسمی نے کہاکہ تعاون ہمدردی اور خیر خواہی کا جذبہ ایک صالح معاشرے کی تشکیل کا ضامن ہونے کے ساتھ ساتھ خدمت خلق کا اہم ترین حصہ ہے۔ قرآن مقدس اور احادیث نبویہ میں جگہ جگہ خدمت انسانیت کو بہترین اخلاق اورعظیم عبادت قراردیا گیا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی عملی زندگی خدمت خلق سے لبریز ہے، نیز آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی حیات طیبہ میں خلق خدا سے محبت اور ہمدردی کی خوب تاکید فرمائی اور اس تعلق سے بنیادی طور پر امت کو ایک اصول سے روشناس کراتے ہوئے ارشاد فرمایا کہ دین خیر خواہی کا نام ہے اور ایک دوسری حدیث کا مفہوم ہے کہ تم میں بہترین شخص وہ ہے جو دوسروں کو نفع پہونچائے۔ جذبہ نافعیت اور جذبہ خیر خواہی جب درجہ کمال کو پہونچتا ہے تو مختلف شکلوں میں اعمال سے اس کا اظہار ہوتا ہے اور جب اس جذبہ خدمت کا ظہور طالبان علوم نبوت کی خدمت کے ذریعہ ہو تو اس کا اجر اور بڑھ جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مدارس میں تعلیم وتعلم کے ساتھ خدمت خلق کے مظاہر بھی خوب نظر آتے ہیں، جس کے تحت اداروں میں جہاں طلبہ کے کھانے پینے رہنے سہنے وغیرہ کے انتظامات کئے جاتے ہیں، وہیں موسم سرما کی آمد کے پیش نظر لحاف کا انتظام بھی اسی کا ایک حصہ ہے۔ تاکہ طلبہ مکمل یکسوئی کے ساتھ تعلیم وتعلم درس وتکرار جیسے روحانی نظام سے وابستہ رہ کر کتب سے فیض حاصل کر سکیں۔انہوں نے کہا کہ مدارس کی یہ غیر معمولی کوشش رہتی ہے کہ جذبہ نافعیت کے تحت طالبان علوم نبوت کو ہر قسم کی سہولیات بہم پہنچائی جائیں اور انہیں اپنے مقاصد کی تکمیل کی راہ میں کوئی رکاوٹ حائل نہ ہو، جس کے پیش نظر دار العلوم وقف دیوبند میں حسب روایت وحسب معمول تمام مستحق طلبہ دارالعلوم وقف دیوبند کے ما بین لحاف تقسیم کر رہا ہے۔ تقسیم لحاف کے اس عمل میں دیگر اساتذہ ¿ جامعہ بھی شریک رہے۔
0 Comments