دیوبند: سمیرچودھری۔
’تحفظ اسلامی عقائد کانفرنس‘ کے عنوان سے آج ہریانہ کے ضلع یمنانگرکے موضع بی بی پور میں یک روزہ کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس کی صدارت جمعیة علماءہند کے صدر مولانا سید ارشد مدنی نے کی ۔پروگرام میں مولانامفتی محمد راشد اعظمی نائب مہتمم دارالعلوم دیوبند، مفتی اشرف عباس قاسمی استاذ دارالعلوم دیوبند، مولانا محمد عاقل قاسمی گڑھی دولت رکن شوریٰ دارالعلوم یوبند، مولاناشاہ عبدالستاربوڑیوی، مولانا حبیب اللہ مدنی، الحاج پیرجی حافظ حسین احمد قادری بوڑیوی، مولانا محمد ہارون قاسمی پانی پتی، مفتی محمد ساجد کھجناوری، مفتی خلیل احمد قاسمی مالیرکوٹلہ، مولانا محمد طاہر رائپوری، مولانا عبدالغفور قاسمی مالیر کوٹلہ، مولانا شاہ عالم گورکھپوری، مولانا ولی الدین ولی شمالی راجپورہ پنجاب، مفتی اخلاق حسین قاسمی سمیت درجنوں علماءنے خطاب کیا۔
اس موقع پر مفتی محمد اشرف عباس قاسمی نے تحفظ اسلامی عقائد پر سیر حاصل گفتگو کرتے ہوئے کہا اگر عقیدہ کمزور ہو جائے تو عبادات کا تصور ختم ہو جاتا ہے۔ انہوں فتنہ شکیلیت سے متعلق تفصیلات بتائیں۔ مولانا محمد عاقل قاسمی شیخ الحدیث بدرالعلوم گڑھی دولت نے کہا کہ موجودہ فتنوں کی تردید میں دارالعلوم دیوبند کا کھڑا ہونا ہی ہم سب کے لیے خیر کی بات ہے۔ عقیدہ اسلامی کا تحفظ اور اس کے تدارک پر علماءکے خطابات بہت اہم ہیں، اس وقت ایک فتنہ جو ہماری جیب میں موبائل کی شکل میں موجود ہے اس کا صحیح استعمال بھی ضروری ہے ۔مفتی محمد راشد اعظمی نائب مہتمم دارالعلوم دیوبند نے کہا کہ فتنہ آنے سے پہلے اس کا سد باب کرنا دارالعلوم دیوبند اور اس کے علماءکا شیوہ رہا ہے، ہمارے عقائد درست ہوں گے تبھی ہماری تمام عبادات قبول ہوں گی۔ مفتی راشد اعظمی نے کہا کہ مسلمانوں کے پاس عقیدہ کے علاوہ ہے ہی کیا۔ ہم اللہ و رسول خدا صلی اللہ علیہ وسلم کی محبت کو سینہ سے لگائے ہی اس دنیا سے رخصت ہوں گے ان شاءاللہ۔ انہوں نے شکیل بن حنیف، فتنہ گوہر شاہی اور محمد علی انجینئر جیسے بھٹکے ہوئے لوگوں اور ان کے غلط نظریات سے بچنے کی عوام کو تلقین کی۔
صدارتی خطاب میں صدر جمعیة علماء ہند مولانا سید ارشد مدنی نے کہا کہ اسلام کے عقائد اور انبیاءکرام علیہم السلام کی تعلیمات قرآن و حدیث کی روشنی میں نہایت واضح پیغام دیتی ہیں کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام کیسے پیدا ہوئے اور آپ کی والدہ حضرت مریم کی عفت و پاکدامنی کیسے ثابت ہوئی اور امام مہدی کا ظہور کس وقت اور کیسے گھرانے میں ہوگا۔ اس لیے مسلمان اپنے عقیدے میں کسی بھی قسم کی ملاوٹ اور کھوٹ سے پاک زندگی گزارتا ہے۔ مولانا مدنی کی دعاءپر ہی کانفرنس اختتام بذیر ہوئی۔نظامت کے فرائض مفتی محمد جاوید رانا سہارنپور نے انجام دئیے۔ اصلاح معاشرہ کمیٹی بی بی پور کے اراکین و عہدیداران مفتی محمد مکرم، مفتی انتظار، حافظ فاروق، حافظ عبد الجبار، مولانا عبدالجبار، قاری محمد یونس، قاری ارشاد اور مولانا شاہ رخ نے پروگرام کو کامیاب بنانے میں اہم رول ادا کیا۔
پروگرام کے کنوینر مولانا قاری محمد الیاس قاسمی پاونٹی جنرل سیکرٹری جمعیت علماءہریانہ پنجاب ہماچل چنڈی گڑھ نے مہمانوں کو استقبالیہ پیش کیا اور قاری محمد طالب استاد شعبہ تجوید و قرات جامعہ اشرف العلوم رشیدی گنگوہ نے اپنی بستی میں مہمانوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے سبھی کا شکریہ اداکیا۔ کانفرنس میں کثیر تعداد میں علماءکرام اور علاقہ کے لوگوں نے شرکت کی۔
0 Comments