ضیائے حق فاؤنڈیشن اور ینگ مائنڈ ایجوکیشن کی جانب سے ایک خصوصی تقریب کا انعقاد 27 تاریخ بمقام ینگ مائنڈ ایجوکیشن اسکول راجا پور الٰہ آباد میں کیا گیا، جس میں ہندستان کے سابق وزیرِاعظم ڈاکٹر من موہن سنگھ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ تقریب کا مقصد اُن کی خدمات کو یاد کرنا اور اُن کے قومی اور بین الاقوامی کردار پر روشنی ڈالنا تھا۔ جس میں اسکول کے سبھی اساتذہ، والدین اور بچے شامل ہوئے۔
اُن کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ڈاکٹر صالحہ صدیقی نے کہا: "ڈاکٹر من موہن سنگھ ایک عظیم معیشت دان، مخلص لیڈر، اور قوم کے سچے خادم تھے۔ انہوں نے بھارت کو اقتصادی طور پر مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ اُن کی سادگی اور مروّت سیاست میں اخلاقیات کا ایک نیا معیار قائم کرتی ہے۔"
محمد اسامہ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا: "ڈاکٹر منموہن سنگھ کی دوراندیشی اور قائدانہ صلاحیت نے بھارت کو عالمی سطح پر ایک نئی پہچان دی۔ اُن کی بصیرت اور علم نوجوان نسل کے لیے ہمیشہ مشعلِ راہ رہے گی۔
"محمد ہاشم نے کہا:"اُن کی قیادت نے بھارت کو اقتصادی بحران سے نکال کر ترقی کے راستے پر گامزن کیا۔ وہ ایک خاموش لیکن مؤثر لیڈر تھے، جو ہمیشہ اپنے کام سے پہچانے گئے۔ اُن کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔" وقار نے خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا:
"ڈاکٹر من موہن سنگھ کی شخصیت نہ صرف بھارت بلکہ پوری دنیا کے لیے ایک مثال ہے۔ اُن کی زندگی محنت، دیانتداری اور خدمت کا بہترین نمونہ ہے۔ ہم اُن کے نقشِ قدم پر چل کر ہی ایک بہتر معاشرہ تشکیل دے سکتے ہیں۔"
تقریب میں شرکاء نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ڈاکٹر من موہن سنگھ کو جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور اُن کے اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل عطا کرے۔ تقریب کے اختتام پر یہ عزم کیا گیا کہ اُن کے اصولوں اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا اور اُن کے نقشِ قدم پر چلتے ہوئے قوم کی تعمیر میں حصہ ڈالا جائے گا۔
0 Comments